خودمختار پاکستان کو تسلیم کیے بغیر مکالمہ ممکن نہیں،مصدق ملک کا بھارت کو پیغام

نئی دہلی :(مشرق نیوز) وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی خوبصورتی مختلف آوازوں، ثقافتی شناختوں ،تاریخی تجربات کے تنوع میں ہے،پاکستان کی تاریخ بھی گندھارا، وادی سندھ، وسطی ایشیا، افغانستان ،ایران سمیت مختلف تہذیبوں ،ثقافتوں کے اثرات کا مجموعہ ،تاریخی ورثہ پوری انسانیت کا مشترکہ سرمایہ ہے۔

نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا سب کی آواز ،معنی ایک جیسے ہوں تو مکالمے کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی، مکالمے کی اصل خوبصورتی مختلف آوازوں، شناختوں اور خیالات کے باہمی تبادلے میں ہے،مختلف رنگوں ، خوشبووں سے سجے گلدستے کی طرح معاشرے ،تہذیبیں بھی اپنے تنوع کی وجہ سے خوبصورت ہوتی ہیں،ایک دوسرے کی نظر سے بھی پاکستان کو دیکھنا اور مختلف زاویوں سے اپنی تاریخ ، ثقافت کو سمجھنا چاہیے،پاکستان کا تاریخی ،تہذیبی ورثہ مختلف ادوار ،خطوں سے جڑا ہوا ،اسلام آباد سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ٹیکسلا قدیم علم و دانش کا مرکز رہا ،فکری اثرات مختلف علاقوں تک پہنچے،وسطی ایشیا، افغانستان، بخارا اور سمرقند کے تاریخی روابط بھی تہذیبی تاریخ کا حصہ ہیں۔

مصدق ملک نے کہاشاعری ،ادبی روایت میں بھی وسطی ایشیا ،ایران سمیت مختلف خطوں کے اثرات دکھائی دیتے ہیں، گندھارا تہذیب ، وادی سندھ کی قدیم شہری تہذیب، وسطی ایشیا سے آنے اور جانے والے لوگ ہوں یا شاعری و تاریخی ورثہ، سب ملکر تہذیبی شناخت بناتے ہیں،کسی ایک تہذیب یا نسل کے واحد وارث ہونے کا دعویٰ نہیں کرتے بلکہ تاریخ مختلف تہذیبوں کے امتزاج سے تشکیل پائی ،ورثہ کسی ایک گروہ کی ملکیت نہیں بلکہ پوری انسانیت کا سرمایہ ہے، دروازے سب کےلئے کھلے رہنے چاہئیں۔

دریں اثنا بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا مکالمہ الگ ،ممتاز شناخت رکھنے والوں کے درمیان ہوتا ، یکسانیت میں صرف ایک طرف کی آواز گونجتی ہے،پاکستان ،بھارت کے درمیان بامعنی مکالمہ تب ہی ممکن ہے جب ایک دوسرے کی الگ،ممتاز شناخت کو تسلیم کیا جائے، خودمختار پاکستان کے وجود کو تسلیم کیے بغیر حقیقی مکالمہ ممکن نہیں،خطے کے مسائل کو الزام تراشی کی بجائے شواہد ،شفاف طریقہ کار کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے،دوطرفہ تنازعات کی بجائے کثیرالجہتی فورم کے ایجنڈے پر بات کرنے آئے ہیں۔

مصدق ملک نے کہا ممالک کے ایک ساتھ مل بیٹھنے سے خطے میں بہتری کی امید ہے جو بھی امن سلامتی کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا ساتھ دیں گے،پاکستان دہشتگردی سے شدید متاثر ہوا ، دہشتگردی کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کےلئے شفاف طریقہ کار ضروری ہے،الزامات کی بجائے ٹھوس شواہدکی بنیاد پر معاملات حل ہونے چاہئیں۔