اتحادی جماعتوں نے فیصلوں کی حمایت کردی،پی ٹی آئی نے کے پی میں دہشتگردوں کو بسایا،وزیراعظم


اسلام آباد (بیورورپورٹ)اتحادی جماعتوں نے حکومتی فیصلوں کی حمایت کردی، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، معاشی بہتری ،دہشتگردی کے خاتمے کےلئے گورنر کی معاونت کےلئے غیر جانبدار ٹیکنوکریٹ ایڈوائزری کونسل قائم کی گئی ۔

وزیراعظم سے ق لیگ ،بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی ،مسلم لیگ (ضیا ) کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، شہبازشریف نے وفد کو خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اعتماد میں لیتے ہوئے کہاخیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے طرز عمل ، دہشتگردی کےخلاف دوٹوک موقف اختیار کرنے سے گریز کے باعث ترقی کرتی معیشت کو خطرات لاحق تھے، وفاقی کابینہ نے باہمی مشاورت سے آرٹیکل 232 ،234 کے تحت آئینی اقدامات کا فیصلہ کیا،خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت نے دہشتگردی کی واضح الفاظ میں مذمت کی نہ ہی دہشتگردوں کےخلاف کوئی بھرپور کارروائی کی گئی،کئی سالوں سے خیبرپختونخوا میں پاک افواج، سکیورٹی فورسز ،پولیس کے کئی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

شہبازشریف نے کہا13 سال میں پی ٹی آئی،خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے فلاح و بہبود کےلئے کام کیا نہ ہی عوامی جان و مال کی حفاظت کےلئے خاطر خواہ اقدامات کیے، صرف انتشار کا راستہ اپنایا گیا،وفاق نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خاتمے کےلئے این ایف سی کے تحت 800 ارب سے زائد فنڈز فراہم کیے پھر بھی صوبائی حکومت دہشتگردی کےخلاف جنگ کےلئے کاو¿نٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار بڑھانے ،سیف سٹیز کے قیام کےلئے مو¿ثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی۔

ملاقات کے دوران اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی وفد نے موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کرائی اور مشکل حالات میں ملک کی قیادت اور رہنمائی کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

وفد نے کہا خیبرپختونخوا کے عوام 13 سال سے پی ٹی آئی حکومت کے دور میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ترقی سے محروم رہے،وفاقی حکومت کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی و خوشحالی کا سفر آگے بڑھے گا۔

ایم کیو ایم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاخیبرپختونخوا کے عوام کے بہترین مفاد میں مشکل ترین فیصلہ کرنا پڑا، بھرپور کوشش کی کسی طرح انتہائی قدم نہ اٹھانا پڑے،کھلے دل سے مذاکرات کیے لیکن دوسری جانب سے مثبت جواب نہیں ملا، خیبرپختونخوا میں بڑھتے دہشتگردحملوں میں عام شہریوں ،سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جا رہا تھا ،صوبائی حکومت دہشتگرد گروہوں کےخلاف کھل کر آواز اٹھانے میں ناکام رہی،لانگ مارچ ملک کی بہتر ہوتی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش تھی،ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم کو حکومتی فیصلوں پر اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

دریں اثناپارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا خیبرپختونخوا حکومت کےساتھ ملکر چلنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی، ایمرجنسی مجبوراً لگانا پڑی،صوبے کے غیور عوام نے بے شمار قربانیاں دیں، ،خیبرپختونخوا پاکستان کا انتہائی خوبصورت صوبہ ہے،سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں ،عام شہریوں کا شہید ہو ناانتہائی افسوس ناک صورتحال ہے،2018 میں ملک میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوچکا تھا، امن کےلئے سیاستدانوں نے قربانیاں دیں،پی ٹی آئی حکومت میں دہشتگردوں کو خیبر پختونخوا میں لایا گیا چند ماہ سے صورتحال انتہائی خراب تھی،سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو تعاون کی یقین دہائی کرائی ، سہیل آفریدی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

شہبازشریف نے کہااڑھائی سال ہر ممکن کوشش کی معاملات بہتر کیے جائیں، پی ٹی آئی حکومت ترقی کے سفر کو روکنے پر تلی تھی، آج تک ڈی چوک سے باہر نہیں نکلے،سابق وزیراعلیٰ نے جس طرح کی باتیں کیں وہ کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا، خیبر پختونخوا میں کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو مضبوط کرنے پر اتفاق رائے کے بعد مذاکرات کو سبوتاژ کیا گیا،اب نہیں تو کبھی نہیں والی گھڑی تھی، مجبوراً گورنر راج کا فیصلہ کیا، پی ٹی آئی والے دہشتگردوں کےخلاف ایک لفظ بولنے کو تیار نہیں۔

وزیراعظم نے کہامذاکرات میں سب کچھ طے ہونے کے قریب تھا، پی ٹی آئی وفد نے آخر میں کہا صوبائی حکومت سے بات کرنی ہے، شاید دوسرا 9 مئی کرنے کا حکم تھا تو سب کچھ خراب کیا گیا، دھرنوں ،لانگ مارچ کے دوران ڈی چوک میں جو کچھ ہواکون واقف نہیں؟،ڈی چوک میں قبریں کھودی گئیں ،گندے کپڑے دھوئے جاتے تھے،حالات سے سب آگاہ ہیں۔

شہبازشریف نے کہاخیبرپختونخوا میں دہشتگردی ،بےروزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں، صوبے میں امن و امان کی بہتری ،ترقی کےلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے،بتائیں گے امن و امان کس طرح بہتر بنایا اور ترقی کیسے کی جاتی ہے،خیبرپختونخوا کے عوام کےساتھ ملکر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔