اسلام آباد:(بیورورپورٹ)موٹر سائیکلوں، رکشوں ،800 سی سی گاڑیوں کو سبسڈی کوٹے کے مطابق ایندھن کی فراہمی کےلئے موبائل ایپلی کیشن پر مبنی کوٹہ سسٹم فائنل،اقدام کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کےلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کو یقینی بنانا و تیل کی کھپت کو کم کرنا ہے۔
سینئر سرکاری اہلکار کے مطابق ایندھن کی فراہمی کے نظام کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، وزارت خزانہ، پٹرولیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام نے جانچنے کے بعد حتمی شکل دےدی ،حکومت ورکنگ کی بنیاد پر حتمی فیصلہ کرے گی سکیم کو چھوٹی کاروں تک بڑھایا یا 2،3پہیوں تک محدود رکھا جائے،حکومتی منصوبے میں کوٹہ پر مبنی ایندھن کی فراہمی کا نظام شامل ہے جو موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے چلایا جائے گا،ریٹیل آپریٹرز کےلئے پہلے سے انسٹال کردہ ایپ فراہم کی جائے گی، صارفین علیحدہ ایپلی کیشن استعمال کریں گے، حکومت سسٹم کو چلانے کےلئے فی ریٹیل آوٹ لیٹ میں کم از کم 2موبائل فون لازمی قرار دے گی۔
عہدیدارنے کہا گاڑیوں کا کوٹہ صارف کی ایپ سے رجسٹریشن نمبر ،کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے ذریعے منسلک کیا جائے گا تاہم کوٹے کی حد کا حتمی فیصلہ متعلقہ کابینہ کمیٹی کرے گی،صارفین ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل واوچر تیار کریں گے،سسٹم دستیاب کوٹے کی خود بخود توثیق کرے گا،طریقہ کار رمضان پیکیج ماڈل جیسا ہوگا،پٹرول پمپس کو گاڑیوں کےلئے مخصوص ڈسپنسر یا نوزلز وقف کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ سبسڈی والے ایندھن کی تقسیم کو آسان بنایا جاسکے۔
ایندھن کی فراہمی کےلئے موبائل ایپلی کیشن پر مبنی کوٹہ سسٹم فائنل

















