پی ایس ایل ، ملکی و غیرملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کیلئے ادارے متحرک

لاہور (مرزا ندیم بیگ) پاکستان سپر لیگ کے شیڈول کے اجراءکے ساتھ ہی ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کیلئے سکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی زیر نگرانی پنجاب پولیس، سپیشل برانچ اور پولیس کے آپریشن ونگ کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں تاکہ ایونٹ کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے،ذرائع کے مطابق سپیشل برانچ پنجاب کو خفیہ نگرانی اور تھریٹ اسیسمنٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ پولیس آپریشن ونگ کو ٹیموں کی موومنٹ، سٹیڈیمز اور ہوٹلز کی سکیورٹی پر تعینات کیا گیا ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت روٹس کی کلیئرنس، سنیپ چیکنگ اور ایلیٹ فورس کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی،محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ تمام میچز کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ملٹی لیئر سکیورٹی سسٹم نافذ کیا جائیگا۔ اس ضمن میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ، ڈرون سرویلنس اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کو فعال رکھا جائے گا،پولیس حکام کے مطابق ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران وی وی آئی پی پروٹوکول کے تحت سخت حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے جبکہ سٹیڈیمز کے اطراف میں ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ داخلی و خارجی راستوں پر اضافی ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز بھی معمول کا حصہ ہوں گے،دوسری جانب ضلعی انتظامیہ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام بھی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جاسکے۔ سکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پرامن انعقاد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔