آئی ایم ایف سے مذاکرات میں توانائی قیمتیں اہم موضوع

لاہور (نعیم جاوید) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان جاری معاشی مذاکرات میں توانائی کی قیمتیں ایک اہم موضوع بن کر سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں فریقین نے پٹرولیم مصنوعات اور توانائی کے شعبے میں قیمتوں کے عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ اس کے براہ راست اثرات مہنگائی، درآمدی بل اور عوامی زندگی پر پڑ رہے ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو فوری طور پر مقامی صارفین تک منتقل کیا جائے اور کسی قسم کی سبسڈی نہ دی جائے، تاکہ مالیاتی خسارہ کم رکھا جا سکے۔ اسی مقصد کے تحت حکومت کو پیٹرولیم لیوی کے ہدف کو بھی پورا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک ہی مرحلے میں تقریباً 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد پٹرول کی قیمت 321 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی۔ اس اضافے کو ملک کی تاریخ کے بڑے اضافوں میں شمار کیا جا رہا ہے اور اس کے نتیجے میں مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان چونکہ اپنی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ درآمدات سے پورا کرتا ہے، اس لیے عالمی منڈی میں اتار چڑھاو براہ راست ملکی معیشت کو متاثر کرتا ہے۔ حالیہ جغرافیائی کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں تیزی آئی جس سے پاکستان کا درآمدی بل بھی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاو دیکھنے میں آیا۔ سن 2022 میں پٹرول کی قیمت تقریباً 160 روپے فی لیٹر تھی جو چند برسوں میں بڑھ کر 300 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔ اسی طرح بجلی اور گیس کے نرخوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا جس کے باعث مہنگائی کی شرح میں تیزی آئی اور متوسط و کم آمدنی والے طبقے کی قوت خرید شدید متاثر ہوئی ہے ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عدم استحکام کے باعث سب سے زیادہ اثر ٹرانسپورٹ اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر پڑا۔ ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے سے زرعی اجناس، آٹا، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاءکی قیمتیں بھی مسلسل بڑھتی رہیں، جس کے نتیجے میں عام شہری کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ توانائی کی قیمتوں میں بار بار اضافے نے صنعتی لاگت میں بھی اضافہ کیا ہے جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شدید دباو کا شکار ہوئے۔ بعض صنعتوں میں پیداوار کم ہوئی جبکہ کئی چھوٹے کاروبار بند ہونے کے خدشات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔