عمران خان کوہسپتال منتقل کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بانی پی ٹی آئی کو علاج کےلئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست سماعت کےلئے مقرر ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس بدھ کو عظمیٰ خان کی درخواست پر سماعت کرینگے۔

درخواست گزار ڈاکٹر عظمیٰ خان نے کہا بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنہ اور علاج کے دوران رسائی دی جائے، صحت سے متعلق فوری اور بروقت معلومات فراہم کی جائیں،درخواست میں استدعا کی گئی بانی کا طبی معائنہ پسند کے ڈاکٹرز سے کرانے کا انتظام کیا جائے، ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو شامل کیا جائے،مزید استدعد کی گئی بانی کے بلڈ ٹیسٹ کرائے جائیں اور علاج کےلئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے،درخواست میں استدعا کی گئی حراست و علاج کے دوران معالجین اور اہلخانہ اور وکلا کو بانی تک مسلسل رسائی فراہم کی جائے اور بانی کی گزشتہ 3 ماہ کی خون اور آنکھ کی تشخیصی رپورٹس سمیت مکمل طبی رپورٹس فراہم کی جائیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہا انصاف کے مطابق فیصلے ہوتے تو ابھی تک عمران خان کی رہائی ہو چکی ہوتی،حکومت نے ہمارے مطالبات کے باوجود اپنی پالیسی اسٹیٹمنٹ نہیں دی، خیبرپختونخوا کے لوگ مخلص ہیں اور کہیں کوئی پناہ گاہ موجود نہیں،ہم نے افغانستان کو کہا تھا پراکسی نہ بنے، ایران پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔