بدقسمتی سے بلدیاتی الیکشن نظر انداز اب مزید تاخیر نہیں ہوگی، چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے بدقسمتی سے موجودہ حکومت میں بلدیاتی الیکشن کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، اب مزید تاخیر نہیں ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی وزیر داخلہ محسن نقوی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے تاہم سیکرٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن میں شرکت کی،چیف الیکشن کمشنر نے وزیر داخلہ کی غیر حاضری کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت سے استثنیٰ دےدیا۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے کہا ڈرافٹ میں یونین کونسل کے نام شامل کرنا سیکرٹری داخلہ کا اختیار نہیں، یہ الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے،یونین کونسل کا نوٹیفکیشن درست نہیں، ٹاون اور نمبر یونین کونسل کی معلومات حاصل کی جانی تھیں جبکہ یو سی کے نام طلب نہیں کیے گئے تھے، سیکرٹری داخلہ نے یونین کونسل کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی اور وارڈ کی تفصیل دی جو درکار نہیں تھی۔
سیکرٹری داخلہ نے توہین کے نوٹس پر معذرت کرتے ہوئے بتایا اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کابینہ کے سامنے ڈرافٹ نوٹیفکیشن منظوری کےلئے پیش ، وزارت قانون کی جانب سے جواب موصول ہو چکا ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا فروری 2021 سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، اس دوران مختلف حکومتوں نے مقامی حکومت کے حوالے سے مثبت رسپانس دیا لیکن موجودہ حکومت میں الیکشن کمیشن اور بلدیاتی حکومت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس پر توہین کا نوٹس جاری کرنا پڑا۔
چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری داخلہ کی موجودگی پر نوٹس واپس لے لیا اور اعلان کیا اسلام آباد میں الیکشن کمیشن اور آئی سی ٹی کے اہلکاروں پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائےگی جس کی سربراہی چیف کمشنر یا ڈی سی کریں گے تاکہ معاملات درست سمت میں چل سکیں،اسلام آباد اور پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں گے، اب مزید تاخیر نہیں ہوگی، سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید کارروائی کےلئے سماعت ملتوی کر دی۔

















