قومی اسمبلی میں متعدد ترمیمی بلز منظور، حکومتی اتحادی جماعتیں آمنے سامنے


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)قومی اسمبلی میں میںمتعدد ترمیمی بلز منظور، حکومتی اتحادی جماعتیں آمنے سامنے آگئیں،ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ایوان نے متعدد اہم قانون سازی کی منظوری دےدی۔

اجلاس کے دوران قومی اسمبلی نے مجموعہ فوجداری ترمیمی بل 2025 منظور کرلیا جبکہ پاکستان کے نام نشانات کے غیر مجاز استعمال کی روک تھام سے متعلق ترمیمی بل 2025 بھی ایوان سے منظور کرلیا گیا، قومی اسمبلی نے لازمی تھیلیسمیا سکریننگ بل 2025 بھی منظور کرلیا،لازمی تھیلیسمیا سکریننگ بل 2025 کے متن کے مطابق شادی سے پہلے میاں بیوی کےلئے تھیلیسمیا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ نکاح خواں اگر تھیلیسمیا ٹیسٹ کے بغیر نکاح رجسٹرڈ کرے گا تو لائسنس منسوخ کر دیا جائےگا،ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد ہوگا۔

بل پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی نے پیش کیا، جے یو آئی کی رکن نعیمہ کشور کی ترمیم مسترد کر دی گئی،اجلاس کے دوران قومی اسمبلی نے سول ملازمین ترمیمی بل 2024 بھی منظور کرلیا جو پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے پیش کیا،اس موقع پر پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے جے یو آئی پر حکومت سے مک مکا کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا جے یو آئی نے حکومتی بلز پر خاموشی اختیار کی ہوئی ، ارکان کی جانب سے نجی بلز کی مخالفت کی جا رہی ہے۔

جے یو آئی کی رکن عالیہ کامران نے جواب دیتے ہوئے کہا جب پیپلز پارٹی اپنے بلز پر حکومت پر مک مکا کرتی ہے تو اس وقت کہاں ہوتے ہیں،بعد ازاں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری ، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی تجویز پر بل کو منظوری کےلئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا،قومی اسمبلی نے نصاب تعلیم، درسی کتب اور تعلیمی معیارات کی وفاقی نگرانی سے متعلق ترمیمی بل 2026 بھی منظور کرلیا،اجلاس کے دوران حکومتی اتحادی جماعتیں بھی آمنے سامنے آ گئیں جب پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کے بل کی مخالفت کر دی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے خواجہ اظہار الحسن کے بل پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا بل کو منظور نہ کیا جائے ،مزید غور کی ضرورت ہے،خواجہ اظہار الحسن نے موقف اختیار کیا بل کمیٹی سے پاس ہو چکا ،منظور کیا جائے،ڈپٹی سپیکر غلام مصطفی شاہ نے بل موخر کرنے کی تجویز دی ،وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے حمایت کرتے ہوئے کہا دونوں سیاسی جماعتوں کےساتھ ہیں،خواجہ اظہار الحسن نے مو¿قف پیش کیا دوران ڈکیتی اور سنیچنگ قتل کے مقدمات انسداد دہشتگردی عدالت میں چلائے جائیں۔

نوید قمر نے اختلاف کرتے ہوئے کہا قتل کسی بھی نوعیت کا ہو اسے سول یا سیشن جج کو دیکھنا چاہیے کیونکہ انسداد دہشتگردی عدالتیں خاص مقاصد کےلئے بنائی گئی ہیں،عدالتوں پر اضافی بوجھ پڑے گا،پھر کہیں انسداد دہشتگردی کے کیسز فوجی عدالتوں کو بھی نہ بھیج دیے جائیں،بحث کے بعد ڈپٹی سپیکر نے بل کی منظوری موخر کر دی جس پر ایم کیو ایم کے ارکان نے احتجاج کیا اور بعد ازاں ایم کیو ایم کے ارکان ایوان سے واک آوٹ کر گئے۔