عالمی جنگ سے معیشت متاثر ،پٹرول کی قیمت میں تخمینے سے کم اضافہ کیا،عظمیٰ بخاری


لاہور:(وقائع نگار)وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے عالمی جنگی حالات کے باعث معیشت متاثر ، پٹرول کی قیمت بڑھانا آسان فیصلہ نہیں تھا تاہم حکومت نے تخمینے سے کم اضافہ کیا ، حالات بہتر ہوتے ہی قیمتیں کم ہو جائیں گی،مریم نواز صرف تختیاں نہیں لگاتیں کام بھی کر کے دکھاتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سہولت بازار عوام کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں، 70 فیصد سے زیادہ راشن کارڈ بازاروں میں استعمال کیے گئے،پنجاب کے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مریم نواز کوشاں ہیں، 2 ہزار 265 کلو میٹر کی سیوریج لائن پورے پنجاب میں بچھائی جائے گی، پنجاب میں 130 نئے ڈسپوزل سٹیشن بنانے کےلئے کام شروع کر دیا گیا ہے، بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کےلئے انڈر گراونڈ واٹر ٹینک بنائے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا صوبے میں 328 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی بنائے جائیں گے، دیہات میں تالاب اور جوہڑوں کی صفائی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگیں گے، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر تیزی سے کام ہو رہا ، تقریباً 500 ارب سے پنجاب میں سیوریج کا نظام بنایا جا رہا ہے، تمام ٹھیکے ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کیے گئے جس سے 13 ارب کی بچت ہوئی جبکہ مون سون کے تمام پراجیکٹ مون سون سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔