پٹرولیم قیمتوں کا ہفتہ وار تعین، مصنوعی قلت پیدا کرنےوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پٹرولیم قیمتوں کاہفتہ وار تعین،وزیراعظم نے منظوری دےدی،ایندھن کے سٹاک کا موثر استعمال ممکن بنانے کیلئے ورچوئل نظام تعلیم اور دفاتر کےلئے ورک فرام ہوم کا پلان پیر کو طلب کرلیا

شہباز شریف کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں وزارت پٹرولیم نے خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے ۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کےخلاف سخت قانونی کارروائی کریں،مکروہ دھندے میں ملوث پمپ فوری بند،لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کی جائے،وزیر پٹرولیم صوبوں کا دورہ کرکے حکومتوں کےساتھ ملکر مصنوعات کی بچت ،عوام کو بلاتعطل فراہمی کیلئے لائحہ عمل و منصوبہ بندی تیار کریں۔

شہبازشریف نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے ڈیش بورڈ بناکرصوبوں کیساتھ ریل ٹائم میں ڈیٹا شیئر کیاجائے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کے سٹاک اور کھپت پر بریفنگ دی ،وزیراعظم نے ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کی سفارشات کو منظور کرلیا،ای سی سی سے منظوری کے بعد سمری کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی ،وزیراعظم نے تعلیمی اداروں میں ورچوئل نظام تعلیم اورآفسز کیلئے ورک فرام ہوم کاپلان پیرکو پیش کرنے کی ہدایت کردی،اقدامات کے باعث ایندھن سٹاک کا موثر استعمال اور طلب میں کمی ہوسکے گی۔