اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا ہے28 دنوں کا بیک اپ موجود، پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں ،ایل پی جی مزید 15 دنوں کےلئے دستیاب ، قطر سے درآمد رک گئی ، مقامی گیس سے طلب کو پورا کر لیا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی کو ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر خزانہ نے کہا وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کےلئے خصوصی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر کام کر رہی ہے، اہم فیصلے فوری طور پر لیے جائیں گے، مارچ کے آخر تک کے پٹرولیم ذخائر موجود ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو ریگولیٹ کیا جائے گا، توانائی کی بچت کےلئے بھی اقدامات کریں گے، علاقائی کشیدگی اگر جاری رہی تو اس کے اثرات سے نمٹنے کےلئے اقدامات کریں گے۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا آئی ایم ایف کے مشن کی روانگی ادارہ جاتی فیصلہ تھا، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی فی الحال وافر مقدار موجود ہیں، پٹرولیم راشنگ کی کوئی ضرورت نہیں بہتر نظم و ضبط سے معاملے کو نمٹا جائےگا، پٹرولیم مصنوعات کےلئے 28 دنوں کا کور موجود ہے، خام تیل مزید 10 ، ایل پی جی مزید 15 دنوں کےلئے دستیاب ، قطر سے ایل این جی کی درآمد رک گئی ہے، مقامی گیس سے طلب کو پورا کر لیا جائے گا، متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کے خدشہ کے پیش نظر آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا،خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا جس کے باعث پٹر ول پمپس کو مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم نہیں کیا جا رہا۔
پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خط میں کہا آرڈرز دینے کے باوجود آئل سپلائی تاخیر کا شکار ہے اور ٹینکرز گھنٹوں انتظار پر مجبور ہیں،صورتحال کے باعث مصنوعی قلت پیدا ہونے سے عوام میں خوف و ہراس پھیلنے کا خدشہ ہے،ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے آئل کمپنیوں کو کسی بھی قسم کی پابندیاں عائد کرنے سے قبل مشاورت کا پابند بنایا جائے،پٹرول پمپ مالکان نے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی فوری طور پر بہتر بنانے کی اپیل بھی کی ہے تاکہ ممکنہ قلت اور عوامی پریشانی سے بچا جا سکے۔
28 دنوں کا بیک اپ موجود ،پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، وزیر خزانہ

















