اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم کاسعودی ولی عہد کوفون،مکمل اظہار یکجہتی،تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران پر جارحیت کے نتیجے میں خلیجی ممالک پر ہونےوالے افسوسناک حملوں کے بعد پیدا سنگین علاقائی کشیدگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا جارحانہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کےلئے انتہائی خطرناک اور صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں،ہر حال ، ہر وقت ، ہر مشکل گھڑی میں سعودی بھائیوں ،بہنوں کےساتھ کھڑے رہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی ،علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلئے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا،نازک مرحلے پر تعمیری و مثبت کردار ادا کرنے کےلئے تیار ہیں ،دعا ہے ماہ مقدس کی برکتوں کے طفیل خطے میں جلد امن، استحکام اور ہم آہنگی قائم ہو۔
دوسری جانب اسحاق ڈار ،ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، دونوں جانب سے خطے میں بڑھتی کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران کےخلاف ہونےوالے بلاجواز حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کشیدگی کو فوری طور پر کم کیا جانا چاہیے،موجودہ بحران کا پرامن ،مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کےلئے سفارتی عمل کی جلد بحالی ناگزیر ہے،بات چیت اور سفارتکاری سے ہی خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
ادھر دفتر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں مذاکرات کی ناکامی اور کشیدگی کے آغاز پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاپاکستان ایران کےخلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے،کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائیں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر ،متحدہ عرب امارات پر حملوں کی بھی سخت مذمت ،تمام برادر ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،زیادہ سے زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے،بلااشتعال حملے خلیجی برادر ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں، سفارتکاری کی جانب واپس آئیں ،تمام فریقین بحران کا پرامن ،مذاکراتی حل تلاش کریں۔
ہر حال میں ساتھ کھڑے رہیں گے، وزیراعظم کی ولی عہد کو یقین دہانی

















