پاک فوج کےساتھ ہیں،طالبان جارحیت کیخلاف سیاسی قیادت یک زبان

اسلام آباد،کراچی،پشاور:(بیورورپورٹ)طالبان جارحیت کیخلاف سیاسی قیادت یک زبان ،آپریشن غضب للحق میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزرا عطا تارڑ،محسن نقوی، طارق فضل چودھری،سینیٹر اورنگزیب،طلال چودھری،خالد مقبول صدیقی ،بیرسٹر دانیال چودھری،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ودیگر نے کہا طالبان کی کھلی جارحیت پر مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا، جارحیت ناقابل برداشت ،بہادر مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت الرٹ ،قوم ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ،طالبان کو بھیانک غلطی کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے،اپنی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے،بھارت افغانستان کو استعمال کر رہا ہے، طالبان قیادت ہوش کے ناخن لے۔

اپنے بیانات میں وفاقی وزرا نے کہا طالبان رجیم مذہب کو ذاتی مفاد کےلئے استعمال کررہی ،افغانستان میں دہشت گردوں کوتربیت دی جاتی ہے،کابل میں خواتین، بچے اور اقلیتیں محفوظ نہیں،افغان شہری بنیادی حقوق سے محروم ہیں،اسلام آباد کچہری اور ترلائی حملے میں افغان شہری ملوث تھے،افغانستان میں غیر قانونی حکومت کاقبضہ ہے،بھرپور جواب دیتے رہیں گے۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاافغانستان کی دراندازی کا مسلح افواج نے بہترین جواب دیا،دہشت گرد باز نہ آئے تو ختم کردیاجائےگا،ایوان میں پاس ہونے والی قرارداد کا مطلب پوری قوم مسلح افواج کےساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا دہشتگردی کی جنگ کو ختم کرنے کا ایک راستہ جنگ دوسرا بات چیت ہے وہ بھی کی جائے، ہمسایوں کی دشمنیاں خطرناک ہوتی ہیں،متعلقہ ممالک کی کانفرنس بلاکر ریجنل فریم ورک کرنا ہوگا، داخلی طورپر عوامی حمایت فوج کےساتھ ہونی چاہیے،پارلیمنٹ کا ان کیمرہ مشترکہ اجلاس بلاکر صورتحال سے آگاہ کیاجائے،موجودہ صورتحال میں بانی پی ٹی آئی قوم کو اکٹھا کرسکتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا جہاں بھی ہو سکے اپنے پڑوسیوں سے امن قائم کریں گے لیکن پاکستان کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے سے ہرگز دریغ نہیں کیاجائےگا،ہر دشمن کو انجام تک پہنچائیں گے،افغانستان کی اشتعال انگزی کا بھر پور جواب دیا جائےگا،دعائیں ،حمایت سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، پاکستان زندہ باد۔

وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا پاکستان کی ایک ایک انچ کی حفاظت سب کا قومی فریضہ ،افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی تشویشناک ، صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں،کسی کو سرحدی علاقوں کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرنے دیں گے،عوام کا تحفظ حکومت کی ترجیح ،ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں،سرحدی علاقوں کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے انتظامیہ الرٹ رہے،امن و استحکام کےلئے ذمہ دارانہ طرز عمل ناگزیر ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہ اپاک فوج نے ایک بار پھر خطے میں اپنی طاقت ثابت کر دی،افغان حکومت بھارت کی پراکسی بن کر خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنا بند کرے، کابل رجیم کی غلط حکمت عملی نے پاکستان کو جوابی کارروائی پر مجبور کیا،پاکستان تصادم کا خواہاں نہیں لیکن اگر للکارا گیا تو دشمن کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں،مشرقی سے مغربی سرحدوں تک پاک فوج ملک کے ہر انچ کا دفاع کرنے کےلئے تیار ہے۔