اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حق خودمختاری نہیں،مسلم ممالک


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)8 مسلم ممالک نے غزہ جنگ بندی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حق خودمختاری نہیں۔

پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا اسرائیل کی جانب سے غیرقانونی خودمختاری مسلط کرنے، غیرقانونی بستیوں میں اضافہ اور مقبوضہ مغربی کنارے خودساختہ قانونی و انتظامی اصول نافذ کرنے کے فیصلے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں، مقصد فلسطینی عوام کو بے دخل ،علاقے کے غیرقانونی الحاق کو تیز کرنا ہے۔

وزرائے خارجہ نے واضح کیا اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حق خودمختاری نہیں،اسرائیلی حکومت کے غیرقانونی اقدامات خطے میں تشدد ، عدم استحکام کو مزید ہوا دے رہے ہیں،عالمی برادری قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں پوری اور اسرائیل کو مقبوضہ مغربی کنارے خطرناک اشتعال انگیزی بند کرنے پر مجبور کرے۔