ریاستی مشینری ،فورسز کی قربانیوں کا شور مگرعوامی دکھوں کا مداوا نہیں ہوتا،فضل الرحمن
پشاور:(بیورورپورٹ)امیر جے یوآئی فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب پر خودکش حملے میں شہید ہونےوالے پانچوں افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا متاثرین کے غم میں برابر شریک ہیں،دہشتگردی کے واقعات محض سماجی تقریب پر حملہ نہیں ہوتے بلکہ پورے معاشرے کے اجتماعی احساسات پہ گہرا اثر ڈال جاتے ہیں ،سوسائٹی سسک کے رہ جاتی ہے۔
فضل الرحمن نے کہا ریاستی مشینری و سرکاری فورسز قیام امن کےلئے اپنی کوششوں اور قربانیوں کا ذکر تو نہایت زور شور سے کرتے ہیں لیکن عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں ہوتا،مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کے مصداق بدامنی ،تشدد کی لہریں بدستور بڑھتی چلی جا رہی ہیں، شہری سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں بے پناہ وسائل ،لامحدود اختیارات کے باوجود دن بدن حکومتی رٹ محدود ، گورننس کا بحران کیوں بڑھ رہا ہے؟۔
امیر جے یوآئی نے کہا ریاست عوامی جان و مال اور عزت و ابرو کا تحفظ کرنے کا فرض کیوں نہیں نبھا سکتی، سکیورٹی کے نام پر شہریوں کی نقل و حمل کی آزادی محدود اور بنیادی انسانی حقوق سلب کر لینے کے باوجود دہشتگردی کیوں شہر کے دروازے پہ دستک دے رہی ہے۔

















