سائبر سکیورٹی بھی قومی سلامتی کا اہم ستون بن گئی، احسن اقبال

لاہور: ( ) وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے ڈیجیٹل و سائبر سرحدوں کا تحفظ بھی اب قومی سلامتی کا ناگزیر حصہ بن چکا ، ڈیجیٹل نظاموں کی ہیکنگ نہ صرف ریاستی اداروں بلکہ عام شہریوں، معیشت و جمہوری عمل کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے۔


سہ روزہ تھنک فیسٹ (افکارِ تازہ) کے دوسرے روز خصوصی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا اگر کسی ملک کے ڈیجیٹل سسٹمز کو ہیک کر لیا جائے تو پاور گرڈ فیل کیا جا سکتا ہے، سمارٹ سٹی کے کیمروں کو غلط مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نظام جرائم پیشہ گروہوں کے ہاتھ لگ سکتے ہیں، بینکاری نظام میں مداخلت ہو جائے تو نہ صرف مالیاتی شفافیت بلکہ پورے مالیاتی آپریشنز متاثر ہو سکتے ہیں۔