غزہ بورڈ میں شمولیت کی مخالفت ،حکومت شرائط پبلک کرے،اپوزیشن

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اپوزیشن نے غزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کی مخالفت کرتے ہوئے معاہدے کی شرائط پبلک کرنے اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسڑ گوہر نے کہا فلسطین اور غزہ بہت اہم ،ایک لاکھ کے قریب لوگ شہید ہوئے اب بورڈ آف پیس کا ایشو سامنے آیا، وزیراعظم شہباز شریف نے بغیر سوچے سمجھے قبول کر لیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا بورڈ آف پیس اقوام متحدہ کی باڈی نہیں ،ادارہ علیحدہ سے تشکیل پا رہا ہے اقوام متحدہ کے تحت ہوتا تو حکومت خود فیصلہ کر سکتی تھی، معاملے پر پہلے ایوان میں قرارداد لانا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا بورڈ آف پیس تمام پاکستانیوں کا معاملہ ، فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں زیر بحث ہے کچھ معاملات سیاست سے بالاتر ہوتے ہیں، بورڈ آف پیس اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت غزہ کی تعمیر نو کرے گا، ایوان میں بات آئے گی اور یک جہتی کا پیغام جانا چاہیے، امت مسلمہ اور قومی مفاد کے تحت فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔