سانحہ گل پلازہ پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ،حکمران اتحاد آمنے سامنے،ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سانحہ گل پلازہ پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ،حکمران اتحاد آمنے سامنے،ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری،ایم کیو ایم کااحتجاج،سپیکر ڈائس کاگھیراﺅ،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں،وزیر دفاع نے 18ویں ترمیم کو ڈھکوسلا قرار دے دیا۔
خواجہ آصف نے کہا حقیقت ہے اٹھارہویں ترمیم ڈھکوسلا ثابت ،سارے اختیارات صوبائی حکومت کو منتقل ہوگئے،کراچی میں آتشزدگی ،حادثات جیسے واقعات کی روک تھام اور 25کروڑ عوام کو با اختیار بنانے کےلئے لاہور،کراچی، پشاور ،کوئٹہ میں بااختیار ،فعال مقامی حکومتوں کا نظام ناگزیر ہے، آمریت کے ادوار میں بھی مقامی حکومتیں چلتی رہیں، چینی صدر مقامی حکومتوں سے ہوتے ہوئے حکومت تک پہنچے ۔
وزیر دفاع نے کہا چاہتے تھے گوادر سے گلگت تک ایک تعلیمی نصاب ہو، کراچی میں ہونےوالے واقعات متقاضی ہیں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائےں جب تک عوام کو اختیارات منتقل نہیں کریں گے ہاوس بے معنی رہے گا، ستم ظریفی دیکھیں جب بھی ڈکٹیٹرز آئے بااختیارلوکل گورنمنٹ متعارف کرائی، ایوب خان، ضیاالحق اور مشرف نے لوکل باڈی کے الیکشن کرائے، سیاسی حکومتیںلوکل گورنمنٹ کے الیکشن نہیں کراتیں،ملک ،سسٹم کی بقا کےلئے لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کرنا ہوگا،چین میں موجودہ صدر سیاسی عمل سے ابھر کر سامنے آئے، لوکل گورنمنٹ سے لیڈرشپ پیدا ہونے کےساتھ آگے بڑھتی ، آگ کاواقعہ سسٹم تباہ ہونے کی نشانی ہے،لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کرنا ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا ایسا نظام بننا چاہیے تاکہ صوبے سے تحصیل و وارڈ کی سطح تک اختیارات جائیں اگر یہی رہا تو پھر آخر میں وزارت دفاع کی فائر بریگیڈ ہی آگ بجھانے کےلئے آئےگی، پاکستان کے استحکام کےلئے فیصلے کرنا ہوں گے،آئین میں ترمیم کر کے یکساں نصاب ،فعال مقامی حکومتوں کا نظام لایا جائے۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا عجیب ہے ایک واقعہ کو بنیاد بناکرآپ 18ویں ترمیم اوربنیادی تعلیم تک چلے گئے،نیوزی لینڈ میں آگ لگی تو 40 افرادمرے ،لاہور میں حفیظ سینٹرمیں 3مرتبہ آگ لگی لیکن کوئی سیاست نہ کی گئی،حادثہ ہو تو وزیراعلیٰ ،وزرا کا پہنچنا لازمی نہیں۔
ایم کیو ایم رہنمافاروق ستار نے نئے انتظامی یونٹس اور بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا آگ دلوں میں لگی،40 سے زائد افراد شہید ہو گئے،پاکستان کو بچانا ہے تو کراچی کو بچانا ہو گا،نئے انتظامی یونٹس بنانا ملک کی تقسیم نہیں، معاملے کو سیاست کی نذرنہ کریں۔
متحدہ قومی موومنٹ نے ایوان میں احتجاج کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور شور شرابہ کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا۔
امین الحق نے کہا فرقان شہید کے والد بھی لوگوں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہوئے ، جیسا باپ ویسا ہی بیٹا ہے ،خراج تحسین پیش کرتے ہیں،گل پلازہ کے چند قدم کے فاصلے پر کمشنر آفس، وزیراعلیٰ آفس و دیگر ادارے ہیں، کراچی ملکی معیشت کو چلا رہا ہے مگر شہر کو بنیادی سہولیات میسر نہیں،سانحہ میں80 افراد لاپتہ ،درجنوں مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں،کیا کسی دوسرے سانحہ کا انتظار کر رہے ہیں؟ گل پلازا واقعہ پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہاآگ لگنے کے بعد بروقت اقدامات نہ کرنا صوبائی حکومت کی ناکامی ہے، سال 2016 میں کے فور منصوبے کےلئے وفاق نے ساڑھے 12 ارب جاری کیے،صوبائی حکومت نے منصوبے پر 30 فیصد بھی کام نہیں کیا،محلے کی گلیوں اور پانی کی فراہمی آخر کس کی ذمہ داری ہے؟۔
پیپلزپارٹی کی شہلا رضا نے کہا سیاست کو بیچ میں نہیں لارہی لیکن سب جانتے ہیں 2002،2003 میں کس کی حکومت تھی اور کس کے دورحکومت میں دکانوں کو بڑھانے کی اجازت ملی، ضروری نہیں حادثے کے وقت وزیراعلیٰ اور وزرا پہنچیں، ریسکیو اداروں کا پہنچنا ضروری ہوتا ہے۔
پٹیل نے کہا آپ کراچی کے دعوے دار نہ بنیں، غلطی آپ کی ہے، بلڈنگ آپ نے بنائی، زنجیر دروازے پر لگاکر 360 افراد مرے، کسی کو مدد نہ کرنے دی گئی، سانحہ بلدیہ کا نام کیوں نہیں لیتے۔

















