کوئی بھی حکومت بر وقت بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں: الیکشن کمیشن

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کوئی بھی حکومت بلدیاتی انتخابات بروقت کرانے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی،الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے قانون سازی کی سفارش کر دی، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق لوکل گورنمنٹ نظام ملکی جمہوری اداروں کا اہم ستون ہے جو مقامی سطح پر عوام کو سہولیات فراہم کرنے ، مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے،الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کو قومی مسئلہ قرار دیتے ہوئے حکومت کو سفارش کرتے ہوئے کہا الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 219 میں ترمیم کی جائے،سفارشات میں کہا گیا ہے مقامی حکومتوں کی مدت پوری ہونے یا تحلیل کی صورت میں اسی وقت نافذ لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی یا انتظامی رکاوٹ پیدا نہ ہو،ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا سفارشات اس لئے بھیجی گئیں ماضی میں دیکھا گیا کوئی بھی حکومت بلدیاتی انتخابات بروقت کرانے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی جس کے باعث مقامی سطح پر جمہوری عمل متاثر ہوتا ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم رہتے ہیں، بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صرف الیکشن کمیشن کی نہیں بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کےساتھ مشترکہ آئینی ذمہ داری ہے، بروقت انتخابات نہ ہونے سے نچلی سطح پر جمہوریت کمزور ہوتی ہے جس کا براہ راست نقصان عوام کو پہنچتا ہے۔