ایف سی بلوچستان کے افسروں ،جوانوں کی مہارت ،بہادری پر ناز ہے: محسن نقوی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فرنٹیئر کور بلوچستان، نارتھ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو ایف سی بلوچستان نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے آئی جی میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا افسران سے تعارف کرایا۔محسن نقوی اور سرفراز بگٹی نے یادگار شہداءپر حاضری دی۔ پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔محسن نقوی اور سرفراز بگٹی نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے شہداءکی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ نے فورس کی تربیت۔ آپریشنل تیاریوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے بارے بریفنگ دی۔وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے قیام امن کیلئے فرنٹیئر کور نارتھ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایف سی بلوچستان نارتھ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کی قیام امن کیلئے قربانیاں انمٹ ہیں۔ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے افسروں وجوانوں کی فتنہ الہندوستان کے خاتمے کیلئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں فورس نے شجاعت کی تاریخ رقم کی ہے۔فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کے سپوت بہادری سے بھارتی سپانسرڈدہشت گردوں کا صفایا کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی بلوچستان پولیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔