ملک استحکام کی جانب گامزن،پاک بحرین سرمایہ کاری کوفروغ دینا ہوگا،زرداری

منامہ:(مشرق نیوز)صدر آصف زرداری نے بحرین کے اعلیٰ ترین ایوارڈ کو دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوطرفہ تعلقات و باہمی احترام کی علامت قرار دےدیا۔

آصف زرداری نے منامہ میں بحرین اکنامک ڈویلپمنٹ بورڈ سے خطاب میںسرمایہ کاری کے تعاون کو اجاگر ،سرمایہ کاری شراکت داریوں و ادارہ جاتی روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ ،پرتپاک مہمان نوازی پر بحرین کی قیادت کا شکریہ اورشیخ عیسیٰ ایوارڈ عطا کرنے پر شاہ بحرین سے اظہار تشکر کیا۔

صدر مملکت نے اکنامک ڈویلپمنٹ بورڈ کے واضح سٹریٹجک ویژن ،ادارہ جاتی مضبوطی کو سراہتے ہوئے کہا کھلی و سرمایہ کار دوست معیشت کے طور پر بحرین کی کامیاب پوزیشننگ تیزی سے بدلتے عالمی ماحول میں قیمتی اسباق فراہم کرتی ہے۔

بحرینی وزیر خزانہ نے اقتصادی ترقی پر بریفنگ شروع کی تو صدر نے خوشگوار انداز میں منامہ کے افق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ترقی نمایاں ہے اور کسی وضاحت کی محتاج نہیں،اکنامک ڈویلپمنٹ بورڈ بحرین کی اقتصادی حکمت عملی کی تشکیل، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ ،اہم شعبوں میں تنوع کی حمایت میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

آصف زرداری نے کہا سرکاری اداروں ،نجی شعبے کےساتھ بورڈ کی قریبی ہم آہنگی نے بحرین کو مسابقت بڑھانے، جدت کو فروغ دینے ، سرمایہ کاروں کےلئے قابل پیش گوئی اور سازگار ماحول قائم کرنے میں مدد دی ،پالیسی ہم آہنگی ،سرمایہ کار سہولت کاری پر مبنی ای ڈی بی کا ماڈل پائیدار و جامع ترقی کے خواہاں ممالک کےلئے مفید حوالہ فراہم کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا پاکستان بحرین کے ترقیاتی سفر کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ،دونوں معیشتوں کے درمیان مضبوط تکمیلیت موجود ہے،پاکستان استحکام، ڈیجیٹل جدید کاری،سرمایہ کاری پر مبنی ترقی کی سمت گامزن ،سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل سرمایہ کاروں کی سہولت کےلئے موثر پلیٹ فارم ہے، ترجیحی شعبوں میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، معدنیات، لاجسٹکس و سیاحت شامل ہیں،زراعت ،غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،ڈیجیٹل خدمات، قابل تجدید توانائی ، لاجسٹکس پاکستان ،بحرین کے درمیان تعاون کے امید افزا شعبے ہیں۔

آصف زرداری نے کہاانتہاپسندی کےخلاف موثر اقدامات، داخلی سلامتی کے استحکام اور ہمسایہ ممالک کےساتھ پرامن تعلقات کے فروغ ،سرمایہ کاری کے تحفظ ، باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں کے فروغ کا اعادہ کرتے ہیں۔

دوسری جانب خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے منامہ میں بحرین نیشنل ، پرل میوزیم کا دورہ کیا، قدیم تہذیب، ثقافتی ورثے ،تاریخی تسلسل سے آگاہ کیا گیا،میوزیم آمد پر ڈائریکٹر جنرل میوزیمز اینڈ کلچر فرح مطر اور ڈائریکٹر کمیونیکیشنز اینڈ پارٹنرشپس ہانی علی بہزاد نے استقبال کیا،آصفہ بھٹو کو دونوں عجائب گھروں کا تفصیلی دورہ کرایا گیا۔

خاتون اول نے بحرینی حکام کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا قومی ورثے کا تحفظ ،تاریخ کی حفاظت قوموں کی شناخت، یکجہتی ،آئندہ نسلوں کےلئے تحریک کا ذریعہ بنتی ہے،پاکستان ،بحرین کے درمیان ثقافتی سفارتکاری، میوزیم شراکت داری، تعلیمی تبادلوں ، آثار قدیمہ کے تحفظ شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، ثقافتی ورثے کے تحفظ میں باہمی تعاون سے عوامی سطح پر روابط اور باہمی تفہیم مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔