جج کی ذاتی زندگی پر تضحیک آمیز پروپیگنڈا ہرگز برداشت نہیں ‘لاہور ہائیکورٹ


لاہور :(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے ججز کےخلاف سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز ،غیر مناسب مواد کےخلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کو ہدایت کی فیس بک، ایکس (ٹوئٹر)و دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رجوع کر کے مواد فوری طور پر ہٹوایا جائے،سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے دفاتر پاکستان میں ہونے چاہئیں۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے ججز کےخلاف منفی پروپیگنڈے کےخلاف دائر درخواست پر سماعت کی اور ریمارکس دیئے ججز کے فیصلوں پر تنقید کی جا سکتی ہے لیکن ذاتی زندگی پر تضحیک آمیز پروپیگنڈا ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا، بیرون ملک بیٹھ کر ججز کی کردار کشی کرنے والے عناصر کےخلاف مقدمات درج ،پاکستان میں موجود سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے کہا ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو اب این سی سی آئی اے میں تبدیل کر دیا ،مستقبل میں کسی بھی شہری کےخلاف غیر مناسب مواد شیئر ہونے کا خدشہ موجود ہے، مشترکہ پورٹل ہونا چاہیے جہاں قانون نافذ کرنےوالے ادارے فوری طور پر غیر مناسب مواد یا توہین عدالت کو بلاک کر سکیں۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا آئین کا آرٹیکل 19آزادی اظہار کی اجازت دیتا ہے مگر توہین عدالت ،غیر مناسب مواد شیئر کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں، این سی سی آئی اے کی خاموشی تشویشناک ہے،کارروائی انتقامی نہ ہو مگر قانون شکنی کرنےوالوں کو چھوڑا بھی نہیں جا سکتا،پولیس ،این سی سی آئی اے سائبر قوانین اور سوشل میڈیا کے درست استعمال پر آگاہی مہم چلائے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے کہا170 اکاﺅنٹس کی نشاندہی ،نادرا کی مدد سے 14ملزموں کو ٹریس کر لیا،بیرون ملک سے اپ لوڈ ہونے والی ویڈیوز کےخلاف بھی کارروائی شروع کر دی ،عدالت نے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔