آئینی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس جلد نمٹانے کا عندیہ دےدیا
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وفاقی آئینی عدالت نے صحافی ارشد شریف قتل کیس جلد نمٹانے کا عندیہ دےدیا۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے مناسب آرڈر کریں گے تاہم حقیقت ہے تفتیش کا عمل کافی سست رہا ، عدالت کسی پر الزام نہیں لگانا چاہتی ،کیس میں شفافیت کیلئے تمام پہلووں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے،ارشد شریف کے وکیل نے کہاموٹو کی بنیاد پر کمیشن بنایا گیا اور تفتیش ابھی تک جاری ہے،جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کینیا میں اب تک کیا اقدامات کئے جا چکے ،وکیل نے جواب دیا کیس کیا اور فیصلے حق میں آئے، عدالت سے درخواست کی گئی تھی واقعہ کو حادثے سے قتل کے زمرے میں شامل کیا جائے تاہم حکومت اور ان کے اپروچ میں فرق موجود ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی نے کہا جے آئی ٹی رپورٹ عدالت میں پیش کی جا چکی،ابتدائی طور پر کینیا حکومت نے تفتیش میں مدد دینے سے انکار کیا مگر گزشتہ سال ستمبر میں دونوں ممالک کے درمیان میمورنڈم آف ایگریمنٹ ہوا ،مزید تفتیش کیلئے اب کینیا حکومت کی اجازت پر ٹیم جائے وقوعہ بھیجے گی،جائے وقوعہ پر جا کر کینیائی حکومت شواہد فراہم کرے گی۔
جسٹس عامر فاروق نے عمران فاروق قتل کیس کا بھی تذکرہ کیا اور بتایا انگلینڈ میں بھی تفتیش پاکستان ،برطانیہ پولیس کے تعاون سے ہوئی تھی،ایڈیشنل اٹارنی نے کہا عمران فاروق ،ارشد شریف کے قتل کی نوعیت مختلف ہے، ارشد شریف قتل کیس میں چالان جمع کرا دیا ،2ملزموں کو نامزد کیا گیا ،دونوں کینیا میں موجود ہیں ،انٹرپول کے ذریعے ہی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔



















