پی ٹی آئی کو کراچی میں جلسے کی مشروط اجازت،اشتعال انگیز تقاریر ممنوع


کراچی،حیدرآباد:(بیورورپورٹ)سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کی مشروط اجازت دےدی،ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی جانب سے تحریری اجازت نامہ بھی جاری کر دیا گیا۔

سینئر وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا جلسے کےلئے این او سی شرائط کےساتھ جاری کیا گیا ،قانون و امن کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر ہوگی ،اشتعال انگیز تقاریر، مواد ،فرقہ وارانہ گفتگو ،پاکستان ،ریاستی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی تقریر کی اجازت نہیں ہوگی، جلسے کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا منتظمین کی ذمہ داری ہے۔

شرجیل میمن نے کہا پروگرام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا لازم ، سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر اجازت منسوخ کرنے کا اختیار ضلعی انتظامیہ کے پاس ہوگا۔

دوسری جانب سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی نے کراچی سے حیدرآباد تک ریلی نکالی،کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ کے پی نے صحافیوں سے گفتگو اور مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کراچی میں شاندار استقبال کیا گیا،جلسہ ساز تاریخ ساز ہوگا،پنجاب کی جعلی حکومت کا رویہ اچھا نہیں تھا،سیاست کی اجازت سب کیلئے یکساں ہونی چاہیے،بانی پی ٹی آئی نے سٹریٹ موومنٹ کا مینڈیٹ دیا ،رہائی کےلئے پر امن جدوجہد کررہے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا جمہوریت تب مضبوط ہوگی جب چور دروازے سے اقتدار میں نہ آئیں،عوامی مینڈیٹ کی قدر کریں،مذاکرات ،مزاحمت کا فیصلہ محمود اچکزئی ،علامہ راجہ ناصر عباس کریں گے، سیاسی جدوجہد حقیقی آزادی کےلئے ہے۔