لاہور(انٹرویو: نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد) محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ثاقب حسین نے روز نامہ ”مشرق“ لاہور سے ایک انٹرویو میں آئندہ چند روز کے موسم کی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 31 دسمبر تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہوا کا کم دباو¿ افغانستان میں موجود ہے جو بتدریج مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے اثرات پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں محسوس کئے جائیں گے۔ثاقب حسین کے مطابق اس موسمی نظام کے باعث گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے بالائی اور شمالی اضلاع جبکہ شمالی پنجاب کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کے امکانات بھی رد نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے تاہم کسی شدید یا طوفانی سسٹم کی توقع نہیں ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں کے دوران سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، خاص طور پر رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں اگرچہ دن کے وقت دھوپ نکلنے سے موسم قدرے بہتر ہو سکتا ہے لیکن مجموعی طور پر سردی برقرار رہے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بارش اور بادلوں کے باعث سرد ہوائیں چلنے سے احساسِ سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔سموگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثاقب حسین نے کہا کہ متوقع بارشوں کے نتیجے میں سموگ کی شدت میں کچھ حد تک کمی آنے کا امکان ہے، خاص طور پر بڑے شہروں اور صنعتی علاقوں میں فضائی آلودگی عارضی طور پر کم ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سموگ میں کمی کے ساتھ ساتھ فوگ میں اضافہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر رات گئے اور صبح سویرے موٹرویز، قومی شاہراہوں اور کھلے میدانوں میں دھند حدنگاہ کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ دھند اور ممکنہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر رات اور علی الصبح ڈرائیونگ کے دوران انتہائی احتیاط برتی جائے۔ کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی دیکھ بھال کریں جبکہ بالائی علاقوں کے مکین برفباری کے امکانات کے پیش نظر پیشگی انتظامات مکمل رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی تبدیلی کی صورت میں بروقت آگاہی فراہم کی جائے۔
متوقع بارشوں سے سموگ کی شدت میں کچھ حد تک کمی آنے کا امکان ہے :ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات

















