پاکستانیوں کےلئے یورپ کے دروازے کھل گئے،اٹلی میں نوکریوں کا کوٹہ مختص
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستانی محنت کشوں کےلئے یورپ کے دروازے کھل گئے، اٹلی نے نوکریوں میں 10500کا کوٹہ مختص کر دیا،ذرائع کے مطابق اٹلی نے وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک کی خصوصی درخواست کوقبول کر لیا۔
ترجمان کے مطابق وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں اٹلی نے آئندہ 3سال کیلئے روزگار کا کوٹہ الاٹ کیا ،ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی سیزنل و نان سیزنل بنیادوں پر اٹلی جا سکیں گے، 1500 پاکستانی سیزنل ،2 ہزار نان سیزنل کوٹے کے تحت روزگار حاصل کریں گے،پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر ، زراعت کے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ،پاکستانی ہنرمند و نیم ہنرمند ورکرز خدمات انجام دیں گے۔
وزارت سمندر پار پاکستانیزکے ترجمان نے کہا ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاوس کیپنگ سٹاف، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشنز، فارمنگ ،کاشتکاری کے شعبوں میں پاکستانیوں کےلئے روزگار کے مواقع موجود ہیں،اٹلی پاکستانیوں کیلئے نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کرنے والا پہلا یورپی ملک بن گیا۔
وفاقی وزیر چودھری سالک نے پیشرفت کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا پاکستانی ورک فورس کےلئے روزگار کا کوٹہ مختص ہونا پوری قوم کےلئے خوش آئند خبر ہے، طویل محنت کے بعد اٹلی میں پاکستانی محنت کشوں کےلئے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں ، یورپی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کےلئے نئے مواقعوں کی تلاش کی جانب بڑا قدم ہے،یورپ کے مزید ممالک بھی جلد پاکستانی ورک فورس کےلئے اپنے دروازے کھولیں گے۔



















