اچکزئی کے پاس مینڈیٹ ہے تو ضرور مذاکرات کریں، بیرسٹر گوہر


راولپنڈی:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے اچکزئی کے پاس اگر مینڈیٹ ہے تو ضرور مذاکرات کریں اگر علیمہ خان کہہ رہی ہیں کسی کے پاس مذاکرات کے اختیارات موجود نہیں تو ضرو کوئی مسیج آیا ہوگا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ملاقات ضرور ہونی چاہیے، مسائل بڑھ رہے ہیں ملک پہلے مشکلات سے دوچار ہے کچھ نہ ہو تو سال ختم ہونے سے قبل ملاقات ہونی چاہیے، بہنوں کی ملاقات پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، بشریٰ کی فیملی کو بھی ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے، عوام کو بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے معلوم ہونا چاہیے یہ ہمارا حق بنتا ہے، بانی پی ٹی آئی کے کیسز پر فیصلے ہوچکے ہوتے تو وہ باہر ہوتے، یہ سب نہیں ہوسکا تو ملاقات ہونا بنیادی حق ہے، بد قسمت ہیں وہ لوگ جنہوں نے ملاقات بند کرنے کا مشورہ دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جو مذاکرت کی باتیں ہورہی ہیں اس پر علیمہ خان کا موقف موجود ہے میں کوئی بات نہیں کروں گا،مزاحمت ہو یا مفاہمت ہو راستہ کھلنا چاہے، ہم حکومت میں ہوتے تو کسی اور طریقے سے سوچتے، ہم کیا کریں گے یہ الگ بات ہے حکومت کا رویہ بالکل غلط ہے، حکومتیں ایسی نہیں ہوتیں، حکومت اپوزیشن کا مینڈیٹ نہیں لیتی ساتھ ملاتی ہیں اور مذاکرات کرتی ہیں، یہاں پولیس کھڑی ہے ہم کیا کریں ہم آتے ہیں واپس چلے جاتے ہیں۔