اسلام آباد :(بیورورپورٹ) ای سی سی نے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت 5 جی سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دےدی،حکومت نے ملک بھرمیں جلد 5 جی سروسز شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاای سی سی نے فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دےدی ، ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کےلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ،حکومت سفر میں مزید تیزی لا رہی ہے، مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت میں سپیکٹرم کا بہت بڑا کردار ہے جبکہ جن سپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہو سکی، وہ ایک لحاظ سے ملک کےلئے مالی نقصان ہی ہے، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دی ۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی نے نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس (نیرا) کے نام سے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی تھیں، نیرا نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی نگرانی میں تفصیلی طور پر شراکت داروں کےساتھ رابطہ کاری کی اور ماضی میں سپیکٹرم کی ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی نیلامیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیر خزانہ نے کہا سپیکٹرم کی نیلامی کے عمل میں تمام بین الاقوامی معیارات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اسی بنیاد پر سپیکٹرم کی قیمت، ادائیگی کی شرائط اور نیلامی کے ڈیزائن کے حوالے سے سفارشات دی گئیں، سفارشات پر غور و خوض کیا گیا اور سب سے پہلے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگے لےکر جایا گیا جس کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سفارشات کی منظوری دےدی۔
شزافاطمہ نے کہا انٹرنیٹ ہی پورے ڈیجیٹل نظام کی بنیاد ہے، انٹرنیٹ کی سپیڈ کےساتھ رسائی بھی بڑھائیں گے، 600 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی آکشن کرنے جا رہے ہیں،کوشش ہے فروری2026 کے پہلے ہفتے میں آکشن مکمل کرلیں،سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کو جلد کابینہ میں لے جائیں گے، ٹیلی کام سیکٹر سمیت دیگر فریقین سے مشاورت یقینی بنائی جائے گی۔
ڈیجیٹل پاکستان ، ای سی سی نے 5G سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دیدی

















