عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر بہنوں کا اڈیالہ کے باہر دھرنا


راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر بہنوں،کارکنوں کا اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا،شدید نعرے بازی کی گئی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا حکومت بتائے آخر فیملی کی ملاقات کیوں نہیں کراتے؟،کوئی غیر قانونی و غیر آئینی کام نہیں کر رہے، احتجاج کے علاوہ کیا راستہ بچا ہے،بانی کا مطالبہ آئین ، جمہوریت کی بحالی اور رول آف لا ہے، افغان ٹریڈ بند ہونے سے کتنے لوگ بے روزگار ہو چکے ، عدلیہ کو آزادی کے دائرے سے ہی باہر نکال دیا گیا۔

علیمہ خان نے کہا بانی کو کہیں اور شفٹ کرینگے تو کیا باقی ملک میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہے؟،ملکی حالات بد سے بدترین ہوتے جارہے ہیں،نورین نیازی نے کہا کوئی دہشتگرد نہیں ، پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے، واٹر کینن کا استعمال کرکے زخمی کیاگیا، پنجاب پولیس دہشتگرد فورس ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سب کو آنا چاہئے، صرف اراکین اسمبلی کا کام نہیں ،سانحہ اے پی ایس کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دہشتگردی آئے روز پھر سے بڑھ رہی ہے،کسی انسان کی زبان بندی کرنے کی دنیا کا کوئی قانون اجازت نہیں دیتا ۔