بجلی کے سمارٹ میٹروں کی قیمتوں میں40فیصد تک کمی،سالانہ 150 ارب بچت ہو گی: اویس لغار ی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کےلئے نئے سمارٹ میٹرز کی قیمتیں 40 فیصد تک کم ہو گئیں، سمارٹ میٹرز کی قیمتیں کم ہونے سے سالانہ 150 ارب روپے کی بچت ہو گی، 3 فیز میٹر کی قیمت 45000 سے کم ہو کر 25000 روپے ہو گئی ہے، سنگل فیز میٹر کی قیمت میں 7000 روپے کی کمی ہوئی ، بہتر حکمت عملی کی بدولت پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ریگولیشنز میں مثبت تبدیلی کی، انٹرنیشنل کمپنیوں نے مسابقتی عمل میں بھرپور حصہ لیا اور درپیش رکاوٹیں ختم ہو گئیں،اویس لغاری نے کہا مسلسل مانیٹرنگ، سمارٹ میٹرز کےلئے شفاف اور مسابقتی معیار کی بدولت قیمتیں کم ہونے لگی ہیں، نئے میٹرز کی مد میں بجلی کے صارفین کو بھی اربوں روپے کی بچت ہو گی، صارفین کو فائدہ نئے کنکشن کے ڈیمانڈ نوٹس کے اخراجات میں کمی کی صورت میں ہو رہا ہے، سمارٹ میٹرز سے غلط میٹر ریڈنگ سے چھٹکارا، بجلی چوری کی فوری نشاندہی ہو گی۔

















