دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی، نوجوان مایوس نہ ہوں، نعیم الرحمن


وزیرآباد:(تحصیل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہادنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، نوجوان مایوس نہ ہوں،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کئی سکیمیں ہیں لیکن غربت ختم نہیں ہورہی، نوجوانوں کوآئی ٹی کے کورسزکرادئیے جائیں تو وہ بہت سے کام کر سکتے ہیں۔

الخدمت فاونڈیشن کے زیراہتمام بلاسود قرضہ جات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاپاکستان میں44فیصدلوگ غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزاررہے ہیں،ہرشعبے میں طبقاتی نظام بنتا جا رہا ہے، بے نظیر انکم جیسے پروگرام جیسے پروگرام صرف سیاست کےلئے استعمال ہو رہے ہیں، پڑوسی ملک کے مقابلے میں ہمارے ملک میں یوریا کھاد کی قیمتیں کئی گناہ زیادہ ہیں،ملک کا نوجوان پڑھ لکھنے کے باوجود بے روز گار ہے، اس وقت ملک میں گلا سڑا نظام چل رہا ہے جو نوجوان کو مایوس کر رہا ہے، فارم 47 کے سسٹم میں چند لوگ طاقتور ہوتے جارہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا حکومت نے آئی ایم ایف کے احکامات مان کر زرعی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، چھوٹے کسان پریشان ہیں، حکمران عوام کے فائدے کےلئے چند اقدامات محض نمائشی مقاصد کےلئے کرتے ہیں، عوام یا نوجوانوں کی مجموعی بہتری سے کوئی سروکار نہیں، عوام کو بے اختیار کردیا گیا، پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام آئین و جمہوریت کے منافی ہے، کالے قانون کےخلاف جدوجہد جاری ہے، پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں،صوبہ میں سرکاری سکولوں کو فروخت کیا جارہا ہے۔