پی ٹی آئی نے جلد انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ کرلیا،کمیٹی قائم


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے جلد انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ کرلیا،سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی ہدایت پر پارٹی آئین کا جامع جائزہ لینے کےلئے اہم کمیٹی قائم کر دی گئی۔

کمیٹی کو پارٹی آئین سے تمام خامیاں دور کرنے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے آئین کے تقابلی معیار کے مطابق لانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا،باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کے ممکنہ اعتراضات سے بچنے اور قانونی و آئینی تقاضوں کو پورا کرنے کےلئے پارٹی آئین میں ضروری اصلاحات ناگزیر ہیں،کمیٹی محدود وقت میں اپنا کام مکمل اور 10 روز کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے۔

کمیٹی میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، سابق صدر عارف علوی، حمید خان، اسد قیصر، رﺅف حسن اور فردوس شمیم نقوی شامل ہیں۔