اسلام آباد:(بیورورپورٹ)قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کا با نی کی تصاویر اٹھا کراحتجاج ،اجلاس ملتوی کرنے پر پیپلز پارٹی حکومت پر برس پڑی۔
پینل آف دی چیئر علی زاہد کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میںپیپلزپارٹی کے اراکین نے شور شرابہ کیا،پی ٹی آئی اراکین بانی پی ٹی آئی کی تصاویر اٹھا کر نعرے بازی کرتے رہے،کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔
حکومتی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے سیشن اچانک ختم کیے جانے پراظہار افسوس کیا،آصفہ بھٹو زرداری نے ایکس پر لکھا سپیکر کو سیشن موخر کرنے کی ہدایات دی گئیں تاکہ اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام بےنظیر بھٹو ایئرپورٹ رکھنے کامیرا توجہ دلاونوٹس پیش نہ ہو سکے،نہایت چھوٹی و گھٹیا سیاسی چال ہے،قائم مقام سپیکر کے رویئے پر انتہائی مایوسی ہوئی ، کورم موجود ہونے کے باوجود بار بار اجلاس معطل کرنا پارلیمانی نظام کا مذاق بنانے کے مترادف ہے۔
دریں اثنا پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل،شازیہ مری نے کہاکورم موجود ہونے کے باجود پی ٹی آئی نے مک مکا کرکے شرارت کی، کہیں سے اشارہ ہوا ہوگا،حکومت وعدہ کرکے اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام بےنظیر بھٹو رکھنے سے بھاگ رہی ہے، اجلاس ملتوی کرنے میں پی ٹی آئی کی ملی بھگت شامل ہے۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا ابھی وقفہ سوالات کے دوران میرا سوال مکمل نہیں ہوا تھا کیسے کسی ممبر کا مائیک کھول کر کورم کی اجازت دی گئی،ن لیگ کے رہنما جا کر لابی میں بیٹھ گئے، سب سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا، شہید بےنظیر بھٹو ائیرپورٹ کی جگہ تبدیل ہو گئی تو نام کیسے تبدیل ہو گیا؟ کیا نادرا آفس کی بلڈنگ تبدیل ہونے سے نام تبدیل ہو جائے گا؟ کیا پارلیمنٹ کی بلڈنگ کی جگہ تبدیل ہو تو نام بھی تبدیل ہوگا؟،شہید بےنظیر کو کسی تعریف کی ضرورت نہیں، چھوٹی سوچ کے لوگ ہیں، ہمیشہ چھوٹے ہی رہیں گے، آپ ایک ایئرپورٹ کا نام چھپاتے پھر رہے ہیں،حکومت نے جواب نہ دیا تو پیپلز پارٹی میٹنگ میں طے کر کے فیصلہ کرے گی آگے کیا لائحہ عمل ہو گا۔
شایہ مری نے کہا وزیراعظم سے مطالبہ کرتی ہوں اپنی بات کو یاد کریں جو آپ نے خاتون اول سے کی ہے،بےنظیر عظیم لیڈر تھیں، پی ٹی آئی والے پرو مودی چینلز پر جا کر پاکستان کےخلاف باتیں کر رہے ہیں،شہید بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا مگر کوئی عمارت نہیں جلائی۔
قومی اسمبلی،پی ٹی آئی کا احتجاج،اجلاس ملتوی کرنے پر پیپلز پارٹی برس پڑی



















