اپوزیشن اتحاد نے قومی کانفرنس بلا لی،پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے کافیصلہ
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی مفاہمت کیلئے تیار،اپوزیشن اتحاد نے 20 اور 21 دسمبر کو اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس بلا لی،پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے کافیصلہ بھی کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق محمود اچکزئی کی زیر صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ہنگامی اجلاس میں ملک کی سیاسی، آئینی و پارلیمانی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا،علامہ راجہ ناصر، اسد قیصر، مصطفی نواز کھوکھر سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا 20 ، 21 دسمبر کو اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس ہوگی،اپوزیشن جماعتیں، بار کونسلز اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مدعو ہوں گی، مصطفی کھوکھر، حسین یوسفزئی اور خالد چودھری پر مشتمل انتظامی کمیٹی قائم کردی ،اپوزیشن اتحاد نے اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں پر مبینہ ریاستی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا حکومت مذاکرات سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرے، عمران خان کی سیاسی رفقا ،اہل خانہ سے ملاقاتیں فوری بحال ،زیر التوا مقدمات کی میرٹ پر فوری سماعت شروع کی جائے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے اشاروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا گیا غیر آئینی اقدام کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی،افغانستان کےساتھ سرحدی تجارت فوری بحال ،تمام تنازعات کا حل مذاکرات ،سفارت کاری کے ذریعے نکالا جائے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جدوجہد آئین و جمہوری روایات کے تحفظ کےلئے جاری رہے گی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا پاکستان ٹوٹنے کے بعد آئین کےساتھ کھلواڑ آپ دیکھ رہے ہیں، ملک میں آئین نام کی چیز ہی نہیں ، لوگوں کا رہبر جیل میں ہے اگر ڈائیلاگ کرنا چاہتے ہیں تو پہلے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیں جب عوام اٹھتے ہےں تب سب کچھ جل جاتا ہے، ملاقات کی اجازت ہو گی تو ڈائیلاگ کےلئے قدم بڑھایا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا بس بہت ہو گیا، 2سالوں میں دھمکیاں اور دست و گریبان بہت ہو گئے، مینڈیٹ چوری کے بعد پارلیمنٹ میں بیٹھے، دھرنا نہیں دیا،مائنس ون ہوا تو کوئی باقی رہے گا نہ حالات آپ کے کنٹرول میں آئیں گے،آپ چاہتے ہیں عوام خان سے نہ ملے تو ممکن نہیں ،عوام کو طیش نہ دلوائیں، جمہوریت کا نقصان ہو گا،ملاقات اس لئے نہیں کراتے ٹوئٹ آتی ہے تو بشریٰ کی ملاقات کیوں بند ہے،کاروباری دنیا نہیں 2میں سے ایک مائنس کرو تو ایک رہ جائے گا،خان صاحب کی بہنوں پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا،بس بہت ہوگیااگر 2گھنٹے تک اور بیٹھے رہتے تو ملک و قوم کا کیا نقصان ہو جاتا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی مفاہمت کےلئے ایک قدم آگے بڑھانے کو تیار ہے اور پیپلز پارٹی سے رابطے کا فیصلہ کرلیا ،پی ٹی آئی کی جانب سے رابطہ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگا ،ن لیگ کو دعوت نہیں دی جائے گی،قومی کانفرنس میں سیاسی ڈائیلاگ کےلئے راستہ نکالنے پر غور ہو گا۔

















