پاک، انڈونیشیا دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری، تعلقات بلندیوں کو چھوئیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات 75 سال پر مبنی ہیں، پاکستان اورانڈونیشیا کے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مزید بلندیوں کو چھوئیں گے۔

انڈونیشیا کے صدر پرابووسو بیانتو کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈونیشیا کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدیدکہتا ہوں، انڈونیشیا کے کسی بھی صدر کا یہ 7سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے، صدرپرابوووسوبیانتوانڈونیشیا کے مدبر رہنما ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج کی بات چیت انتہائی مثبت اورتعمیری رہی۔ میڈیکل،ہیلتھ،ووکیشنل ٹریننگ میں تعاون پر بات چیت ہوئی ہم نے باہمی تجارت میں توازن پر بات چیت کی، پاکستانی ڈاکٹرز،میڈیکل پروفیسرز اورماہرین کوانڈونیشیا بھیجنے پر اتفاق ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورانڈونیشیا کے تعلقات کی تاریخ 75سال پر مبنی ہے، پاکستان اورانڈونیشیا کے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں، انڈونیشیا کی حکومت اورعوام نے جنگ میں پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا، پاکستان اورانڈونیشیا کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سےجنگ بندی کی خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، انڈونیشیا صدر کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید بلندیوں کو چھوئیں گے۔ اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوووسو بیانتو نے کہا کہ پاکستان میں شاندارمیزبانی اوراستقبال پر شکریہ اداکرتا ہوں، پاکستان کی فضائی حدودمیں جے ایف17طیاروں کی سلامی میرے لئے اعزاز ہے، ہم نے مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سےمعاہدوں اورایم اویوز کاتبادلہ کیا۔

صدر پرابوووسو بیانتو نے کہا کہ پاکستان اورانڈونیشیا کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں، تعلیم، تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر پاکستان اور انڈونیشیا نے مشترکہ موقف اپنایا، وزیراعظم شہبازشریف کو دورہ انڈونیشیا کی دعوت دیتا ہوں۔