پنجاب کا بلدیاتی قانون آئین کے منافی ،21دسمبر کو دھرنے ہوں گے ،حافظ نعیم الرحمن
لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب کے بلدیاتی قانون کو آئین و جمہوریت کے منافی قرار دیتے ہوئے احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان کر دیا۔
لاہور کے مال روڈ پر مقامی حکومتوں کے قانون کےخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا21دسمبر کو پنجاب کے تمام اضلاع میں دھرنے ہوں گے،عوام احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں اور جماعت اسلامی کےساتھ ملکر حق کے حصول کی جدوجہد تیز کریں،جماعت اسلامی عوام کو بااختیار بنانے کےلئے جدوجہد تیز تر کرے گی،عدالتوں میں بھی جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاعوامی رائے کا احترام ،بنیادی ضروریات کی فراہمی ریاستی ذمہ داری ہے ،جمہوریت کا راگ الاپنے والے عوام کو محکوم رکھنے پر تلے ہیں،کالے قانون میں عوام مکمل بے بس، تمام اختیارات صوبائی حکومت ، بیوروکریسی کو مل گئے، غیر جماعتی انتخابات کا مطلب ہے الیکشن کے بعد ہارس ٹریڈنگ ہو گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا نواز شریف بتائیں کس جمہوری نظام میں غیر جماعتی انتخابات ہوتے ہیں؟ ،نواز شریف بظاہر بے زار نظر آتے ہیں ،ماضی میں ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بھی لگایا لیکن فارم47سے اسمبلی میں آگئے، جمہوریت نواز ہیں تو پنجاب میں 10برسوں سے بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے گئے اب نئے قانون میں عوام کو مکمل بے اختیار کیوں کردیا ؟، ملکی نظام پر بیوروکریسی ، اسٹیبلشمنٹ، خاندانی سیاسی پارٹیاں ،چند جاگیردار اور سرمایہ دار قابض ہیں ، عوام کو بنیادی سہولتیں تک دستیاب نہیں۔



















