سانحہ نیپا چورنگی،وزیراعلیٰ سندھ کا سخت ایکشن،5افسر معطل

کراچی:(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر نیپا چورنگی پر مین ہول میں گرنے سے 3 سالہ بچے کے جاں بحق ہونے پر 5 متعلقہ افسروں کو معطل کردیا گیا،اجلاس میںصوبائی وزرا،کے ایم سی، ٹاون انتظامیہ، ریونیو ،پولیس حکام نے شرکت کی۔

مراد علی شاہ نے کہابچے کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس ،ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کرنا افسوسناک ،ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،چیف سیکرٹری سندھ فوری ذمہ دار افسروں کےخلاف کارروائی کریں۔

بعدازاںمحکمہ بلدیات سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت ،ٹاون میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض ،کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر وقار احمد،اسسٹنٹ کمشنرگلشن اقبال عامر علی شاہ ا مختیارکار گلشن اقبال سلمان فارسی کو معطل کردیا ۔

دوسری جانب کے ایم سی نے حادثہ کا ذمہ دار بی آر ٹی تعمیرات ،نجی سٹور کی انتظامیہ کو قرار دیدیا۔

تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری محکمہ بلدیات کو بھجوا دی گئی،سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت نے رپورٹ میں لکھا میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا، گلشن ٹاون کے لنک نالے سے لاش ملی،معائنے میں ثابت ہوا حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں، بی آر ٹی منصوبے کی کھدائی کے باعث نالے کے پورے نکاسی نظام کو شدید نقصان پہنچایا، عارضی 2 فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہول کھلا رہنے سے سانحہ ہوا، غیر معیاری ڈھکن کبھی کے ایم سی نے استعمال نہیں کیے،بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا، نجی سٹور انتظامیہ ، بی آر ٹی کی وجہ سے بچہ گٹر میں گرا، افسروں کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیئے۔

دریں اثنا بچے کے گرنے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی، فوٹیج میں بچے کو والدہ کے ساتھ شاپنگ سینٹر سے نکلتے اور پھر والد کی طرف دوڑتے دیکھا جاسکتا ہے اس دوران بچہ کھلے مین ہول میں جاگرا،واقعہ کے وقت بچے کے والدین نے چیخ و پکار کی،لوگ بھی جمع ہوگئے اور بچے کو نکالنے کی کوششیں شروع کی گئیں۔

بچے کی مین ہول میں گر کر ہلاکت کا اصل قصور وار ڈمپر نکلا، ویڈیو نے ساری صورتحال واضح کردی، نجی ڈیپارٹمنٹل سٹور کے سامنے گٹر کا ڈھکن مبینہ طور پر 13 روز سے غائب تھا، رانگ وے جاتے ہوئے ڈمپر مین ہول کے اوپر سے گزرا تو گٹر کا ڈھکنا نکل کر گٹرکے اندر ہی گر گیا،ڈمپرصوبائی حکومت کے پراجیکٹ بی آر ٹی ریڈ لائن پر کام کرنے والے کنٹریکٹر کا ہے۔