اسلام آباد: (بیورورپورٹ)تشدد، ماورائے عدالت قتل روکنے کیلئے پولیس کی موثر نگرانی ناگزیر ہے،سپریم کورٹ نے زیر حراست ملزموں پر تشدد ، ماورائے عدالت قتل کےخلاف تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے 7صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہاتشدد، غیر انسانی و توہین آمیز سلوک اور ذاتی وقار کی پامالی کسی صورت جائز نہیں،آئین ریاست پر ذمہ داری عائد کرتاہر شہری کے حق زندگی کا تحفظ کرے اور حراستی تشدد و قتل کو روکے، بعض اوقات پولیس کی جانب سے تشدد ماورائے عدالت قتل کا باعث بنتا کیونکہ پولیس عملی طور پر استثنیٰ کے مفروضے کے تحت مبینہ مجرم کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کےلئے یہ طریقہ اختیار کرتی ہے،زندگی کے حق کو سب سے اعلیٰ انسانی حق قرار دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے کہا غیرقانونی حراست، گرفتاری، بربریت، تشدد ،ماورائے عدالت قتل کےخلاف آئینی ضمانتیں بنیادی اور قانونی اصولوں کی اساس ہیں،غیرقانونی حراست ،تشدد کسی بھی صورت میں پسندیدہ ہیں نہ ہی قابل جواز، بنیادی حقوق کا اصول محفوظ و منصفانہ معاشرے کو یقینی بنانا ہے، پولیس فورس قانون کی محافظ اور آئین میں درج بنیادی حقوق کے فریم ورک کو برقرار رکھنے کی پابند ہے۔
فیصلے میں کہا گیا پولیس ہر شخص کی جان، آزادی اور وقار کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، قانون پر عمل کیے بغیر کسی شخص کو نقصان پہنچانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے،پولیس کو قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو گرفتار کرنے کا حق حاصل ہے لیکن گرفتاری آئین و قانون کے مطابق ہونی چاہیے، پولیس اہلکاروں کو نوکری سے نکالنے کی محکمانہ کارروائیاں قانون کی حکمرانی، ریاستی اداروں پر اعتماد قائم رکھنے کےلئے ضروری ہیں، عدالت نے سزائیں برقرار رکھتے ہوئے اپیلیں خارج کر دیں،3 کانسٹیبلوں پر زریاب خان نامی شخص کو غیر قانونی حراست میں رکھنے، قتل کرنے کا الزام تھا۔
ماورائے عدالت قتل روکنے کیلئے پولیس کی موثر نگرانی ناگزیر ہے،سپریم کورٹ



















