غزہ سے اسرائیل کامکمل انخلا یقینی بنایاجائے،شہبازشریف


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں کے بنیادی حق خود ارادیت ،آزاد فلسطینی ریاست کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے غزہ سمیت فلسطینیوں کی سرزمین سے اسرائیل کے مکمل انخلا کو یقینی بنانا ناگزیر ہے،فلسطینیوں کےخلاف اسرائیل کے جنگی جرائم ،منظم نسل کشی کا عالمی قوانین کے مطابق مواخذہ ہونا چاہئے۔

عالمی یوم یکجہتی فلسطین پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا حکومت ،عوام غیر متزلزل عزم و یکجہتی کےساتھ فلسطینی بھائیوں ،بہنوں کےساتھ کھڑے ہیں،دہائیوں سے فلسطینی عوام نے المناک سانحات کا سامنا کیا ،آبادیوں ،خاندانوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا ، افسوسناک ،ناقابل بیان سانحات کے باوجود فلسطینی عوام نے مثالی، غیر متزلزل ،بھرپور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا اپنی شناخت ،مقصد کےلئے حصول انصاف کی امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑا۔

شہبازشریف نے کہا فلسطینی عوام کی جرات و بہادری ،انصاف پسند مقاصد کےساتھ وابستگی انسانی عزم کی عظمت کی عکاس ہے، فلسطینی عوام مکمل امن و خوشحالی کے حقدار ہیں۔