28ویں ترمیم میں صوبے کا نام پختونخوا کیاجائے، اے این پی
پشاور:(بیورورپورٹ)اے این پی نے 28 ویں ترمیم کی مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا 27 ویں ترمیم کے دوران کیے وعدوں کی پاسداری ،خیبرپختونخوا کی تاریخی حیثیت بحال کرکے صوبے کا نام پختونخوا رکھا جائے۔
مرکزی ترجمان انجینئر احسان خان نے کہا پاکستان کا آئین کسی فرد واحد، ذاتی اقتدار یا ادارہ جاتی بالادستی کے حصول کا ذریعہ نہیں بن سکتا،آئینی ترامیم کا مقصد صرف عوامی مفاد، صوبائی حقوق کا تحفظ، وفاقی انصاف و جمہوری استحکام ہونا چاہیے،اے این پی 28 ویں آئینی ترمیم کی حمایت تب کرے گی جب 27ویں ترمیم کے دوران کیے گئے وعدوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے، 18 ویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ، صوبائی خودمختاری ،حقوق پر تمام آئینی تحفظات بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رکھے جائیں۔
ترجمان اے این پی نے کہا اے این پی صوبائی حقوق پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرے گی، 28 ویں آئینی ترمیم میں ہائیڈل پاور پیدا کرنےوالے صوبوں کےلئے بجلی پر آئینی ریلیف ، ہائیڈل پاور پیدا کرنے والے صوبوں میں بجلی کے استعمال پر کوئی وفاقی ٹیکس، سرچارج یا اضافی لاگت عائد نہ کی جائے،گھریلو صارفین کےلئے 500 یونٹس تک بجلی کی قیمت 10 روپے یونٹ مقرر ،تمباکو کاشتکاروں کے تحفظ ،صوبائی محصول کا حق یقینی،تمباکو کاشت کرنے والے کسانوں پر عائد تمام ٹیکس فوری طور پر ختم کیے جائیں۔
احسان خان نے کہا28 ویں ترمیم میں مقامی حکومتوں کے مستقل قیام کو آئینی ضمانت دی جائے،ملک بھر میں ہر 4سال بعد باقاعدگی سے بلدیاتی انتخابات کرانے چاہئیں،یقینی بنایا جائے کسی بھی انتظامی اتھارٹی کو اداروں کو معطل، تحلیل یا جگہ لینے کا اختیار حاصل نہیں ہوگا۔

















