لاہور(نعےم جاوےد)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی تمام غلہ اور سبزی منڈیوں کا نام تبدیل کرتے ہوئے انہیں ”وزیر اعلیٰ کاشتکار بازار“ قرار دینے کا فیصلہ کر لیا۔ اس فیصلے کا مقصد منڈیوں میں برسوں سے جاری بے ضابطگیوں، مافیا کے اثر و رسوخ اور غیر شفاف خرید و فروخت کے نظام کو مکمل طور پر تبدیل کرنا ہے۔ نئے نظام کے تحت صوبے کی روایتی منڈیوں کو بتدریج بند کر کے ان کی جگہ سرکاری نگرانی میں چلنے والے جدید ”کاشتکار بازار“ قائم کیے جائیں گے، جن میں کاشتکاروں کو محفوظ، شفاف اور بااعتماد ماحول فراہم کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ان بازاروں میں داخل ہونے والی ہر گاڑی ، ٹرک، ٹریکٹر ٹرالی یا دیگر ٹرانسپورٹ کا مکمل ڈیٹا ریکارڈ کیا جائیگا۔ آمد و رفت کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی جبکہ پھل، سبزی، غلہ اور دیگر زرعی اجناس کا تفصیلی سرکاری ریکارڈ باقاعدگی سے تیار کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل اور مرکزی نظام سے منڈیوں میں قیمتوں کے تعین، اجناس کی آمد و خرچ اور بولی کے عمل میں شفافیت آئے گی۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ نئے نظام کے تحت بولی صرف سرکاری اہلکار لگائیں گے، کوئی نجی ایجنٹ یا آڑھتی سرکاری عمل سے ہٹ کر بولی نہیں لگا سکے گا۔ اس اقدام کا مقصد پرائیویٹ نیٹ ورکس اور منڈی مافیا کو کمزور کر کے کاشتکار کو براہِ راست بہتر قیمت دلوانا ہے۔ ”کاشتکار بازار“ کی تزئین و آرائش بھی تیزی سے جاری ہے جبکہ سرکاری زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں تاکہ بازاروں میں سرکاری کنٹرول موثر اور فعال رہے۔ اس حوالے سے محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ موجودہ فیصلہ زرعی معیشت میں اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ترجمان کے مطابق برسوں سے منڈیوں میں طاقتور گروہوں کی مداخلت کے باعث کاشتکار کو اس کی محنت کا مناسب معاوضہ نہیں مل رہا تھا۔ ”نئے کاشتکار بازار“ کا مقصد یہ ہے کہ کسان براہِ راست محفوظ سرکاری نظام کے ذریعے اپنی فصل فروخت کرے، جہاں نہ دھونس چلے، نہ ناجائز کٹوتی ہو اور نہ ہی آڑھتیوں کی من مانی قیمتیں مسلط ہوں۔ترجمان نے بتایا کہ سرکاری ریکارڈ، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، اور شفاف بولی کے نظام سے نہ صرف کاشتکار کو فائدہ ہوگا بلکہ صارفین کو بھی بہتر معیار اور مستحکم قیمتوں پر غذائی اجناس مل سکیں گی۔ محکمہ زراعت کے مطابق یہ اقدام زرعی شعبے میں انتظامی اصلاحات کی سمت ایک بڑا قدم ہے، جس سے مستقبل میں پورے سپلائی چین کے نظام کی بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
غلہ و سبزیوں منڈیوں کا نام بدل کر ”وزیر اعلیٰ کاشتکار بازار“ رکھنے کا فیصلہ

















