عمران اکیلا مجرم نہیں ،لانے والے بھی قصور وار،حساب لیاجائے:نوازشریف

لاہور: (سٹاف رپورٹر)بے گھر لوگوں کےلئے پاکستان کا پہلا اور منفرد”اپنی زمین، اپناگھر“پروگرام کا آغاز ،ن لیگ کے صدر نواز شریف نے وزےراعلیٰ مرےم نواز کی درخواست پر ”اپنی زمین، اپنا گھر“پروگرام کا افتتاح اور قرعہ اندازی کا آغاز کیا،وزیراعلیٰ مریم نواز بھی موجود تھےں۔

نوازشریف نے ڈیجیٹل ٹچ کے ذریعے سکیم کا باضابطہ آغاز کیا، قرعہ اندازی کے بعد وزیراعلیٰ نے اٹک کی خاتون رخسانہ بی بی کو خود فون کرکے پلاٹ نکلنے پر مبارکباد پیش کی،قائد ن لیگ نے رخسانہ بی بی کو ٹیلی فون پر مبارکباد دی اورکہا”مبارک ہو،قرعہ اندازی میں مفت پلاٹ نکل آیا ہے“،رخسانہ نے نواز شریف اور وزیراعلیٰ کوبہت سی دعائیں دیں،وزیراعلیٰ نے بہاولپور کی تحصیل منڈی یزمان کی میرومائی کا پلاٹ نکلنے پربھی فون کیا ۔

قائد ن لیگ نواز شریف سے بات چیت کرائی،نواز شریف نے نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا نفرت، جھوٹ، گالی گلوچ کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا،ن لیگ کے جانے کے بعد بہت تباہی ہوئی، ملک کا ستیاناس کر دیا گیا، پی ٹی آئی کے دور میں صرف تباہی ومہنگائی آئی، بدتمیزی عام ہوئی،ملک دیوالیہ ہونیوالا تھا،عوام نے مسترد کردیا،بانی پی ٹی آئی صرف اکیلا مجرم نہیں ، لانے والے بھی مجرم ہیں، پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن بائیکاٹ کا کہا گیا، کیسا بائیکاٹ تھا جس میں عمر ایوب کی بیگم نے الیکشن لڑا، نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کو مبارکباد دیتا ہوں، اللہ کے فضل سے جھوٹ، بدتمیزی، بدتہذیبی اور فتنے کو شکست ہوئی،ضمنی انتخابات میں لوگوں نے کارکردگی کو ووٹ دیا،ضمنی انتخابات میں کامیابی پر شہباز شریف اور مریم نواز کو مبارک باد دیتا ہوں

نوازشریف نے کہا ہمیں تو آج کل یہ فکر ہے آئی ایم ایف فیصلہ کرنے دے گا یا نہیں کرنے دے گا، کئی فیصلے خود نہیں کرسکتے، اگر ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آئی ایم ایف کی فکر نہ ہوتی، آج میرٹ پر کام ہورہا ہے، ترقیاتی کام ہورہے ہیں، لیپ ٹاپ مل رہے ہیں، سڑکیں بن رہی ہیں، گرین بسیں چل رہی ہیں، امن و امان کی حالت بہتر ہوگئی، مذاہب کی تفریق کے بغیر راشن کارڈ مل رہے ہیں اور مزید منصوبے ابھی سامنے آئیں گے، شہبازشریف اور مریم نواز تو میرے سے بھی آگے نکل گئے ، شہباز شریف بڑا اچھا بھائی پیار کرنے والا بھائی ہے، مجھ سے جو مدد ہوتی ہے وہ کرتا ہوں، عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا سب سے پہلے سر جھکا کر کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، نوازشریف اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں، تمام حلقوں میں کارکنوں نے سخت محنت کی، میانوالی میں بھی تبدیلی آگئی ،ن لیگ نے مشکلات کا بہادری سے سامنا کیا اور کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، الیکشن کا بائیکاٹ انہوں نے بھی نہیں کیا، انہوں نے ہر جگہ اپنے امیدوار کھڑے کئے تھے، سازشیں کرنے والے تاریخ کی کتاب میں بند ہو گئے، عوام کو سمجھ آگئی اب ان کے جلسوں میں نہیں آتے، ان کی حکومت کے 4سال بدترین دور تھا،4برسوں میں سیاست کو داغدار کیا گیا، اب کوئی کسی کے بہکاوے میں نہیں آئے گا۔

مریم نواز نے کہا عوام نعرے اور عملی اقدامات میں فرق جان گئے ، ڈسکہ الیکشن سب کے سامنے ہے، ہم اس دورمیں بھی دھاندلی کے باوجود کامیاب ہوئے، خدمت کی سیاست کو مٹایا نہیں جاسکتا، نوازشریف کو 3مرتبہعوام نے وزیراعظم بنایا، پاکستان کی تاریخ میں کوئی شخص تین دفعہ وزیراعظم نہیں بنا، تین دفعہ سازش کر کے نوازشریف کو نکالا گیا، ہر دور میں کہا گیا نوازشریف کا دور ختم ہوگیا، نوازشریف 40 سال میں پہلا لیڈر ہے جو آج بھی تاریخ رقم کر رہا ہے، 40سال سے نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والے خود ختم ہوگئے،موروثی سیاست کا طعنہ دینے والوں کے اہلخانہ الیکشن میں کھڑے تھے، گزشتہ دورحکومت میں سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا گیا، ہمیں وراثت میں بدتمیزی، انتقام لینا نہیں سکھایا گیا،وراثت میں عوام کی خدمت کرنا سکھایا گیا،ملک کو پھلتا پھولتا اور ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مری،ساہیوال اور سرگودھا کارڈیالوجی سنٹرز کی رفتار کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پنجاب کے 57 اسپیشلائزڈ ہسپتالوں کی پرفارمنس رپورٹ پیش کی گئی،اجلاس میں بتایا گیا پنجاب کے سپیشلائزڈ ہسپتالوں لاکھوں مریض مستفید،سرجریز، اربوں روپے کی مفت ادویات دی جارہی ہیں،مریم نواز نے کارڈیالوجی سنٹرمیں مشینری کی تاخیر پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا، پنجاب میں ہسپتال کی تعمیر کےساتھ ساتھ تمام مشینری اور مکمل آلات کی انسٹالیشن لازمی قرار دیا گیا۔


وزیراعلیٰ نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو اپریل ، نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری کو وسط فروری تک مکمل طور پر فعال کرنے کی ڈیڈ لائن ،مری میں کارڈیک سرجری تھیٹر کو مکمل کرنے اور نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری میں درکار مشینری جلد از جلد مہیا کرنے ، نوازشریف کارڈیالوجی سنٹر مری میں ڈاکٹر ز اور دیگر بھرتیوں کا عمل جلد ازجلد مکمل کرنے کا حکم د یدیا، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے مکمل بریفنگ دی، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا پنجاب کے سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں ایک کروڑ 83 لاکھ مریض مستفید ہوئے جبکہ 3 کروڑ 95لاکھ مریضوں کو طبی سروسز کی فراہمی جاری ہے، 2کروڑ39لاکھ مریضوں کا او پی ڈی اور ایک کروڑ 56لاکھ مریضوں کا ایمرجنسی میں علاج معالجہ کیا گیا، سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں ایک ارب 92 کروڑ روپے کی مفت ادویات فراہم کی گئی۔