کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر سرمایہ کاری اور چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان پالیسی اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) نجکاری کی حامی ہے جبکہ اس کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی اس کی مخالفت کر رہی ہے۔قیصر احمدشیخ نے انکشاف کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں سرکاری اداروں کی نجکاری کی مخالف ہے، پیپلز پارٹی کی مخالفت کے باعث نجکاری کا عمل آگے نہیں بڑھ پارہا ،پیپلز پارٹی کا نجکاری کے خلاف منشور کوئی نئی بات نہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ سے نجکاری کی پالیسی رہی ہے،پیپلز پارٹی کے ساتھ نجکاری سے متعلق مذاکرات ہوتے رہتے ہیں اوریہ حقیقت ہے کہ پیپلز پارٹی کو ناراض کرنے سے ہماری حکومت نہیں رہ نہیں پائے گی۔مقامی ہوٹل میں پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری (پائی) کے زیر اہتمام 8ویں پاکستان انٹرنیشنل ایکسپو اور ٹورازم انوسٹمنٹ اپرچیونٹیز کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کو نجکاری پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن وہ اس کی مخالفت کر رہی ہے، اور اگر مسلم لیگ (ن) مذاکرات کو خوش اسلوبی سے نہ نمٹا سکی تو موجودہ حکومت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ تمام سرکاری ادارے خسارے میں جا رہے ہیں اور انہیں نجکاری کی ضرورت ہے، جب تک حکمران جماعت کو واضح مینڈیٹ نہیں ملتا، پالیسی کا تسلسل ممکن نہیں۔قیصرشیخ نے انکشاف کیا کہ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے پاس پورٹ قاسم میں 6,000 ایکڑ زمین موجود ہے، جسے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 7 کروڑ روپے فی ایکڑ کے حساب سے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر نے ملک میں بدعنوانی کے مسائل کا صاف گوئی سے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا 10 ارب ڈالر کا دفاعی بجٹ اس کے ہمسایہ ملک کے بہت بڑے دفاعی اخراجات کے مقابلے میں نہایت کم ہے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ غربت کے خاتمے کو اپنی ترجیح بنائیں، جیسا کہ چین نے 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکال کر کیا۔اپنے استقبالی خطاب میں چیئرمین PAEI فہد برلاس نے بتایا کہ ادارے کا ہدف برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے اور انہوں نے سنگل ڈجٹ پالیسی ریٹ کا مطالبہ کیا۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری کے بانی چیئرمین خورشید برلاس نے مذہبی سیاحت کی صلاحیت پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور بتایا کہ وہ ریاض، برطانیہ اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو جائز سرمایہ کاری منصوبوں پر اعتماد کی بحالی کیلئے سرگرم ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کی مخالفت کے باعث نجکاری کا عمل آگے نہیں بڑھ پارہا :قیصرشیخ

















