قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 7حلقوں پر ضمنی انتخابات کل ہونگے

لاہور، اسلام آباد، پشاور (مشرق نیوز) قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں پر ضمنی انتخابات کل ہوں گے۔ قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 18 ہری پور، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال، این اے 185 ڈی جی خان، این اے 96 فیصل آباد اور این اے 104 فیصل آباد پر ووٹنگ کل ہوگی۔

صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 98، پی پی 115 اور پی پی 116، پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفرگڑھ پر ووٹنگ کل ہوگی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی ڈیوٹی کے دوران پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق پولیس پہلی سول آرمڈ فورسز دوسری اور پاک فوج تیسری رسپانڈر (کیو آر ایف) ہوگی، فوج انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں کے باہر تعینات ہوگی۔ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس پر پاک فوج / سول آرمڈ فورسز سکیورٹی پر مامور ہوں گی، بیلٹ پیپرز اور انتخابی مواد کی ترسیل کے دوران پاک فوج / سول آرمڈ فورسز سکیورٹی فراہم کریں گی۔

پنجاب کے 13 قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے، سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ووٹرز کو حق رائے دہی کے لئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ الیکشن میٹریل کی ترسیل و آمدورفت جاری ہے، محفوظ ترسیل کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔