عمران خان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج
اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم و بانی چیئرمین سے ملاقات کےلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا،سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ لارجر بنچ نے ملاقات کا فیصلہ دیا، بانی سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت درخواست پر حکام کیخلاف کارروائی نہیں کی، عدالتی حکم کے باوجود بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، ہائیکورٹ کے حکم کی مسلسل عدولی کی جا رہی ہے۔
مزید بر آں پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرا دی،ڈی ایس پی اظہر شاہ نے فیکٹری ناکے پہنچ کر وارنٹ کی تعمیل کرائی، علیمہ خان نے وارنٹ پر دستخط کرکے کاپی وصول کرلی،خصوصی عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔
دریں اثناءچیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا بشریٰ کےخلاف ٹرولنگ اور مہم چلانا افسوسناک ہے، دی اکانومسٹ میں الزامات پر مبنی رپورٹ ہے،بشریٰ ،بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، مضمون کا آنا افسوسناک ہے، مضمون کی مذمت کرتے ہیں، بالکل بے بنیاد الزامات ہیں، بشریٰ اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد جو بھی قانونی کارروائی کرنی ہوگی کریں گے۔



















