ایک اور وزیر اعظم عدم اعتماد سے فارغ فیصل ممتاز راٹھور منتخب

مظفر آباد (بیورو رپورٹ) وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کےخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی، فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے،سپیکر چودھری لطیف اکبر کی زیرصدارت آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم چودھری انوارالحق کےخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی،فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے 16ویںوزیراعظم ہوں گے، آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کا حلف آج متوقع ہے،تحریک عدم اعتماد سردار جاوید ایوب، چودھری قاسم مجید نے دیگر کے ساتھ پیش کی جس میں متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام پیش کیا گیا،ووٹنگ کے دوران فیصل ممتاز راٹھور کو 36ووٹ ملے، مخالفت میں 2ووٹ ڈالے گئے ، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کےلئے سادہ اکثریت یعنی 27 ووٹ درکار تھے،چودھری انوار الحق اپریل 2023 میں 48 ووٹ لےکر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے ، مستعفی ہونے کی بجائے تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا،آزاد کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود نامزد وزیراعظم سے حلف نہیں لیں گے،تقریب میں پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی شرکت کا امکان ہے،ذرائع کے مطابق نئی حکومت کو دو بڑے سیاسی چیلنجز کا سامنا ، ایکشن کمیٹی کے معاہدوں پر عملدرآمد نئی حکومت کےلئے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے ، مسلم لیگ ن کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے پر عملدرآمد بھی نئی حکومت کےلئے کڑا امتحان ہے،کابینہ کو 20 وزراءتک محدود رکھنا بھی نئی حکومت کےلئے آزمائش ہوگی جبکہ آج کی رائے شماری آزاد کشمیر کی سیاست کا نیا رخ متعین کرے گی،ادھر نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا میرے اثاثے جو آج ہیں وہ وزرات عظمیٰ کے بعد بھی دیکھ لیجیے گا،آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا اللہ نے سیاسی ورکر کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈال دی، یہ ذمہ داری صرف مجھ پر نہیں ان سب پر ہے جنھوں نے مجھے ووٹ دیا، ذوالفقار بھٹو، بے نظیر بھٹو نے میرے والد پر وزرات عظمیٰ کی ذمہ داری ڈالی، آج بلاول بھٹو نے مجھ پر اعتماد کیا اور ذمہ داری ڈالی، پہلی بار جانےوالا وزیر اعظم آنے والے وزیراعظم کو خوش آمدید کہتا ہوا رخصت ہوا،ایکشن کمیٹی حقیقت ہے، جسے تسلیم کرنا ہوگا، عوام کے مسائل کو وسائل کے اندر رہ کر حل کرنا ہے، کچھ مسئلے حل ہو سکتے تھے جس میں تاخیر ہوئی، بطور وزیراعظم عہد کرتا ہوں، میرے قلم سے تاخیر نہیں ہوگی،فیصل راٹھور نے مزید کہا لوگ سمجھتے ہیں ہم مراعات یافتہ طبقہ ہیں لیکن ہم سیاست دان ایسے نہیں، والد نے ایک مکان بنایا جسے میں نے الیکشن اخراجات کیلئے فروخت کیا۔