27ویں ترامیم غیر آئینی،جمعہ کو یوم سیاہ منائیں گے،اپوزیشن اتحاد

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اپوزیشن اتحاد نے26،27ویں ترامیم کو غیر آئینی قرار دےکر مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے جمعہ کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔

محموداچکزئی کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال ، 27ویں ترمیم پر تبادلہ خیال ،آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی،اعلامیے میں کہا گیا ترامیم آئین کے بنیادی ڈھانچے ، عدلیہ پر حملہ ، عدلیہ کو انتظامیہ کے ماتحت کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے،سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کر دئیے گئے۔

اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ ،اطہر من اللہ کو خراج تحسین،آئین کو اصل شکل میں بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاگیاغیر آئینی ترامیم کےخلاف جمہوری مزاحمت جاری رہے گی،خیبر پختونخوا امن جرگے اعلامیے کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،کے پی اسمبلی میں 27 ویں ترمیم کےخلاف قرارداد پیش ہوگی۔

اپوزیشن رہنماﺅں نے پنجاب اسمبلی سے لاہور ہائی کورٹ تک مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہاوکلا احتجاج میں بھرپور شرکت کی جائے گی ،جمعہ کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا،عمران ، بشریٰ ، پی ٹی آئی قیادت اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کو فوری رہا کیاجائے۔