فیلڈ مارشل سے تاجک وزیر دفاع کی ملاقات، تعاون بڑھانے کا اعادہ
اسلام آباد ،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)تاجک وزیر دفاع کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابرزادہ امام علی عبداللہ رحیم نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں ممالک نے دونوں افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران فوجی تربیت، انسداد دہشتگردی اور علاقائی امن و استحکام جیسے اہم شعبوں پر بھی اتفاق رائے ہوا،تاجک وزیر دفاع نے پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن کےلئے کردار کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا پاکستان کی مسلح افواج نے خطے میں امن کے قیام کےلئے نمایاں کردار ادا کیا ،اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے کی سلامتی اور خوشحالی کےلئے اجتماعی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تاجکستان کے ساتھ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف سے تاجک ہم منصب کی ملاقات ہوئی،دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال، دفاعی تعاون میں اضافے کی نئی راہیں تلاش کرنے کا جائزہ لیا گیا، خواجہ آصف نے تاجکستان کی عسکری اور سول قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ، خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تاجکستان کی کوششوں کو سراہتا ، پاکستان پورے خطے بالخصوص وسطی ایشیائی ریاستوں کےساتھ امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے،تاجک وزیر دفاع نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔



















