اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سینٹ سے نیا مسودہ بھی دوتہائی اکثریت سے منظور،27ویں ترمیم آئین کاحصہ،صدر زرداری نے بل پر دستخط کردئیے۔
چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہونےوالے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی سے منظور کردہ 27 ویں ترمیم کانیا مسودہ پیش کیا،ایوان بالانے دوتہائی اکثریت سے منظور ی دےدی، ترمیم کے حق میں 64 ،خلاف 4 ووٹ آئے،سیف ابڑو ،احمد خان نے آئینی ترمیم کے حق میں دیا،شق وار منظوری کے بعد تقسیم کےساتھ ووٹنگ کا عمل کیا گیا ،گھنٹیاں بجاکرسینٹ ہال کے داخلی و خارجی راستے بند کردئیے گئے،یوسف رضا گیلانی نے ترامیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کا اعلان کیا۔
وزیر قانون کی جانب سے ترمیم پیش کئے جانے کے موقع پر اپوزیشن نے ڈیسک بجا کر احتجاج کیا ،شق وار منظوری کے دوران بھی اپوزیشن اراکین نے عدلیہ کی تباہی نامنظور کے نعرے لگائے ،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں،چیئرمین سینٹ نے نعرے بازی سے منع کیا،پی ٹی آئی کی فلک ناز ، مرزا آفریدی ،فیصل جاوید نے چیئرمین ڈائس کے سامنے دھرنا دیا، بعدازاں تحریک انصاف کے سینیٹرز ایوان سے واک آوٹ کر گئے،جے یوآئی اراکین نے ترمیم کیخلاف ووٹ دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزید شقوں کی منظوری دینے پر سب سینیٹر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہادعا ہے ساری کارروائی ملکی بہتری کیلئے استعمال ہو،ووٹ دینے والے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، 27 ویں ترمیم کو مکمل رولز اینڈ ریگولیشنز کےساتھ منظور کیا گیا، زبانی یا اعلان کیے گئے استعفے کی اہمیت نہیں، تحریری طور پر استعفیٰ دینا لازم ہے، ہر رکن پارلیمنٹ کو ووٹ دینے کا آئینی و جمہوری حق حاصل اگر کوئی پارٹی ہدایت کےخلاف ووٹ دیتا ہے توضمیر کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ سیاسی فیصلوں میں ذاتی ضمیر کو دبانا جمہوریت کے منافی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا پارٹی لائن کےخلاف ووٹ دینا انحراف مگر ضمیر کے مطابق دیا جائے تو شمار ہوگا،جمہوریت میں اختلافات کا حل بحث، مکالمے سے تلاش کیا جانا چاہیے یہی طرز عمل قومی اتفاق رائے ،پارلیمانی وقار کو مضبوط کرتا ہے،رکن کو معلوم ہوتا ہے انحراف کی قیمت کیا ہوتی ہے، سیف ابڑو کو معلوم تھا قیمت ادا کرنی ہے لیکن ضمیر کے مطابق ووٹ دیا،پی ٹی آئی بھول گئی کیسے جلدی میں اسمبلی توڑی ،سپریم کورٹ ،آئینی عدالت میں سے جو بھی سینئر ہوگا وہ چیف جسٹس آف پاکستان ہوگا۔
قبل ازیں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاچیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ برقرار رہے گا، موجودہ چیف جسٹس عہدے پر برقرار رہیں گے، آرٹیکل 6 غداری پر ہے اگر کوئی طاقت سے آئین کو پامال کرتا ہے، آرٹیکل 6 کے مرتکب افراد کو کوئی عدالت توثیق نہیں دے گی،چیف جسٹس، آڈیٹر جنرل کے حلف چیف جسٹس آف پاکستان لیں گے، کوئی عدالت اب آرٹیکل 6 کے تحت کسی مارشل لا یا غیر آئینی اقدام کی توثیق نہیں کر سکے گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا اگر آپ ووٹ دیں تو پارٹی سربراہ چیئرمین یا سپیکر کو ریفرنس بھیج سکتا ہے، ریفرنس آیا ہو تو چیئرمین رکن کو جواب کا موقع دیں گے پھر الیکشن کمیشن بھیجتے ہیں، الیکشن کمیشن میں سماعت کے بعد فیصلہ ہوتا ہے ،سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہا تھا جلد بازی نہ کریں غلطیاں نکلیں گی، 27 ویں ترمیم اسمبلی پہنچی تو پتہ چلا بہت غلطیاں ہیں،سب صرف ایک شخص کے ڈر کی وجہ سے کیا جا رہا ہے، لوٹا کریسی کو فروغ دینا شرمناک ،آپ سب نے تالی بجا کر ثابت کیا جھوٹ ،فریب کی سیاست کےساتھ کھڑے ،سب کچھ کنٹرول کرنے کیلئے جلد سے جلد آئینی عدالت بنانا چاہتے ہیں۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہاپارٹی پالیسی کےخلاف ووٹ دینے پرآئین بڑا واضح ہے، رکن کو پارٹی سربراہ شوکاز دے گا،چیئرمین سینٹ یا سپیکر 2دن میں الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجیں گے اگر نہیں بھیجتے تو تصور کیا جائے گا ریفرنس چلا گیا، الیکشن کمیشن 30 دن کے اندر متعلقہ رکن کی نااہلی کارروائی مکمل کرتا ہے،صدر مملکت پر بلیک میلنگ کے الفاظ استعمال کرنا بہت غلط ہے، کئی ممالک میں سربراہ مملکت کو فوجداری مقدمات سے استثنیٰ حاصل ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری نے بل پر دستخط کردئیے اور27ویں ترمیم آئین کا حصہ بن گئی،آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
سینٹ سے نیا مسودہ منظور،27ویں ترمیم آئین کاحصہ،صدر کےدستخط



















