خدارا سارے اختیارات لے لیں، 130 شہروں میں ظہران ممدانی دے دیں، فاروق ستار
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہاہے خدارا سارے اختیارات لے لیں، 130 شہروں میں ظہران ممدانی دے دیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہاکبھی کہتے ہیں اختیارات منتقل کر دئیے، اپنی جمہوریت کو مضبوط نہیں کرسکتے، بلدیاتی نظام کو لاگو کریں،وزیراعظم، وزیرقانون اور فیلڈ مارشل سے مطالبہ ہے خدارا سارے اختیارات لے لیں، 130 شہروں میں ظہران ممدانی دےدیں،کسی بھی آئینی ترمیم کے پیچھے وقت و حالات کے تقاضے ہوتے ہیں، عوام کی فلاح پر کبھی توجہ نہیں رہی۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا آمرانہ ادوار میں بلدیاتی نظام آتا تھا،سیاسی جماعتیں بھی اپنا حصہ لینے کےلئے آگے آتی رہیں، دوتہائی حکومت کے پاس ہے تو 27 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد بھی ذمہ داری آتی ہے،پاکستان نے دفاعی، خارجی شعبوں میں صلاحیت کا مظاہرہ کیا اب معاشی طور پر مستحکم ہونا ہے، دنیا کےساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا۔
دریں اثنا ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی ارشد وہرا نے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاسپریم کورٹ سے پاکستان کا نام بھی ہٹا دیا گیا، صدر کو استثنیٰ کی بات کہاں آگئی ، مفتی تقی عثمانی نے استثنیٰ کو اسلام کے منافی قرار دیا ،اسلام آباد میں 3 ماہ میں انڈر پاس بن جاتا ، کراچی میں کئی سال لگ جاتے ہیں، شہرکے لوگ بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں،مسائل حل نہیں ہو رہے، کراچی کو وفاق کے تحت لیا جائے ۔

















